ایران اور پاکستان کے دوستانہ تعلقات
پاکستان کے وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصرجنجوعہ سے پاکستان میں تعینات ایران اور جاپان کے سفیروں اور برطانوی ہائی کمشنر نے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔
پاکستان کے وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور پاک ایران سرحدوں سے متعلق انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان کے قومی سلامتی مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصرخان جنجوعہ نے پاک، ایران تعلقات کی اہمیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات بڑھانے کی راہ میں موجود رکاوٹوں کے خاتمے کے لئے پُرعزم ہے.
فریقین نے اس موقع پر دوطرفہ تعلقات، سرحدی امور، سیکورٹی اور انسداد دہشتگردی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور پاک، ایران تعلقات کی توسیع کے لئے مختلف طریقوں کا جائزہ بھی لیا.
پاکستانی مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ پاکستان، ایران کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو مزید بڑھانے کے لئے پُرعزم ہے.
ناصر جنجوعہ اور مہدی ہنردوست نے پاک، ایران سرحد پر قیام امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے دوطرفہ تعاون اور سرحدی ہم آہنگی کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا.
ہونے والی ملاقات میں ناصر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے تجارتی حجم بڑھانے کے لئے بینکنگ سیکٹر اور سرحدی امور کو طے کرنے کے لئے تعاون کے مزید فروغ پر بھی رضامندی کا اظہار کیا ہے۔
ناصر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ مراسم کے فروغ کا خواہاں ہے۔
ملاقات میں آئندہ ہفتے کابل میں متوقع امن کانفرنس کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے، امن کانفرنس میں 25 ممالک کے سفارتکاروں کی شرکت متوقع ہے۔