Jun ۰۴, ۲۰۱۷ ۱۵:۴۷ Asia/Tehran
  • لندن دہشت گردانہ حملوں کی ایران کی جانب سے مذمت

اسلامی جمہوریہ ایران نے لندن دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے دنیا بھر میں سلسلہ وار دہشت گردانہ حملوں میں شدت کو عالمی برداری کے لئے ایک خطرناک علامت قراردیا ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے اتوار کی صبح لندن میں ہوئے دہشتگردانہ حملوں کی مذمت اور ان حملوں میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے مقابلے میں دنیا بھر کے لوگوں کی جان کی حفاظت کے لئے ضروری ہے کہ بعض حکومتیں اپنے مختصر مدت سیاسی اور اقتصادی مفادات کو ترک کرکے عالمی امن و سلامتی کی برقراری اور لوگوں کی جان کے تحفظ کی جانب قدم بڑھائیں۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ دہشت گردی کی بیخ کنی کے لئے انتہا پسندی اور تشدد کو رواج دینے والے نظریاتی اور مالی ذرائع کو ختم اور ان کی جڑوں کو اکھاڑپھینکنا ضرور ی ہے۔
انہوں نے کہاکہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کی جڑوں کے مقابلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کا موقف بنیادی اہمیت کا حامل ہے جو عالمی امن وسلامتی کے قیام میں مددگار ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ دہشت گردی جیسی منحوس لعنت سے چھٹکارہ حاصل کرنے کا واحد راستہ تشدد اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں دنیا کے سبھی ملکوں کا مخلصانہ اور ذمہ دارانہ طریقے اور دوہرے معیار سے ہٹ کر ایک مشترکہ محاذ میں شامل ہونا ہے۔

ٹیگس