چیف جسٹس (ر) قاضی فائزعیسیٰ پر حملہ، شہریت منسوخ کی جائے گی: وزیر داخلہ
وفاقی وزیر داخلہ نے لندن میں چیف جسٹس (ر) قاضی فائز عیسیٰ اور پاکستانی ہائی کمیشن کی گاڑی پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ حملہ آوروں کی شہریت منسوخ کرنے کےلیے فوری کارروائی کی جائے گی۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا کو حملہ آوروں کی شناخت کے لیے فوری اقدامات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ فوٹیجز کی مدد سے لندن میں چیف جسٹس (ر) قاضی فائز عیسیٰ اور پاکستانی ہائی کمیشن کی گاڑی پر حملہ کرنے والوں کی نشاندہی کی جائے اور حملہ آوروں کے خلاف پاکستان میں ایف آئی آر درج کرکے قانونی کارروائی کی جائے گی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا حملہ آوروں کے شناختی کارڈ بلاک اور پاسپورٹ منسوخ کیے جائیں گے اور ان کی شہریت منسوخ کرنے کے لیے فوری کارروائی کی جائے گی، شہریت منسوخی کا کیس منظوری کے لیے کابینہ کو بھیجا جائے گا۔
سابق چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ برطانیہ کی درسگاہ مڈل ٹیمپل میں بطور بینچر منتخب ہونے کی تقریب سے واپسی پر انہیں اور ان کی اہلیہ کو تحریکِ انصاف کے ورکرز کی جانب سے حملے اور بدمزگی کا سامنا کرنا پڑا۔
وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پی ٹی آئی ورکرز سابق چیف جسٹس کی گاڑی کو گھیرے میں لے کر ساتھ چلتے ہوئے نعرے بازی و احتجاج کر رہے ہیں۔
اس موقع پر ملیکہ بخاری، ذلفی بخاری، اظہر مشوانی اور دیگر نے مظاہرین سے خطاب بھی کیا تھا۔