علاقے کی صورتحال پر ایرانی وزیرخارجہ کی مختلف ملکوں کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فونی گفتگو
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے مختلف ملکوں کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ٹیلی فونی صلاح و مشورے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کو؛یت ، قطر، لبنان اور الجزائر کے وزرائے خارجہ اور یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ سے الگ الگ ٹیلی فونی گفتگو میں علاقے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا-
وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے کویت کے وزیرخارجہ شیخ صباح الخالد الصباح ، قطر کے وزیرخارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی ، لبنان کے وزیرخارجہ جبران باسیل ، الجزائر کے وزیرخارجہ عبدالقادر مساہل اور یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی سے الگ الگ ٹیلی فونی گفتگو میں علاقے کی تازہ ترین صورتحال پر بات چیت کی - ان ٹیلی فونی رابطوں میں سعودی عرب سمیت چھے ملکوں کے ذریعے قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرلینے کے اعلان کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا - ایران کے وزیرخارجہ نے اس سے پہلے عراق، عمان ، ترکی ، تیونس ، انڈونیشیا اور ملیشیا کے وزرائے خارجہ کے ساتھ الگ الگ ٹیلی فونی گفتگو میں علاقےکی تازہ ترین صورتحال خاص طور پر قطر اور علاقے کے کچھ دیگر ملکوں کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے ممکنہ اثرات پر بات چیت کی - ایران کے وزیرخارجہ نے سعودی عرب اور اس کے ساتھ چند دیگر ملکوں کے ذریعے قطر کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات منقطع کرلینے کے فیصلے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئیٹر پیج پر لکھا کہ زور و زبردستی کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے انہوں نے کہا کہ مسئلے کے حل کے لئے مذاکرات خاص طور پر ماہ مبارک رمضان میں تنازعے کے حل کے لئے بات چیت ضروری ہے - انہوں نے ہمسایہ ملکوں کے درمیان مذاکرات اور افہام و تفہیم کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمسایہ اور پڑوسی کبھی بھی نہیں بدلتے اور جغرافیائی پوزیشن کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا -