گرین ہاؤس گیس پھیلانے میں امریکا سب سے آگے
اسلامی جمہوریہ ایران کے سینیئر نائب صدر نے کہا ہے کہ گرین ہاؤس گیسوں کو پیدا کرنے اور ان کے پھیلاؤ میں امریکا سب سے آگے ہے
ایران کے سینیئر نائب صدر اسحاق جہانگیری نے پیرس سمجھوتے سے نکل جانے پر مبنی امریکی صدر کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے سب سے زیادہ گرین ہاؤس گیس پھیلائی ہے - امریکی صدر ٹرمپ نے گذشتہ جمعرات کو موسمیاتی تبدیلی سے متعلق پیرس سمجھوتے سے امریکا کی علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے دعوی کیا کہ اس سمجھوتے سے امریکا کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا ہے - ایران کے سینیئر نائب صدر اسحاق جہانگیری نے منگل کو تہران میں ماحولیات سے متعلق عالمی دن کے موقع پر ایک کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس ملک نے سب سے زیادہ گرین ہاؤس گیس پیدا کی اور پھیلائی ہے وہی آج ماحولیات کے خطرات کا مقابلہ کرنے سے پیچھے ہٹ رہا ہے - ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ امریکی عوام کے مفاد میں اس سمجھوتے سے الگ ہو رہے ہیں لیکن ٹرمپ نے فراموش کردیا ہے کہ گرین ہاؤس گیسوں سے دنیا کے دیگر ملکوں کے عوام کے ساتھ امریکی عوام کو بھی شدید نقصان پہنچے گا اور ماحولیات کے اس خطرے کا مقابلہ کرنے کے لئے پہلے سے بھی زیادہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے - ایران کے سینیئر نائب صدر نے کہا کہ ماحولیات کا تحفظ اکیسویں صدی کا سب سے اہم مسئلہ ہے جو آج پوری دنیا کو درپیش ہے