ایرانی قوم کی کامیابی ایثار، فداکاری اور جہاد کی مرہون منت ہے، ڈاکٹر روحانی
ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے شہادت، ایثار اور فداکاری کو گرانقدر سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی قوم کی تمام کامیابیاں، ایثار و فداکاری اور خدا کی راہ میں جہاد کی مرہون منت ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کی رات ملکی دفاع کے دوران جانفشانی کرنے والے فوجیوں اور شہدا کے اہل خانہ ساتھ ضیافت افطار میں کہا کہ ایثار ہی ایران کی اسلامی انقلاب اور آٹھ سالہ مقدس دفاع کے دوران عالمی سازشوں کے مقابلے میں کامیابی کا عامل ہے۔
صدر مملکت نے شہادت کا راستہ کھلا ہونے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ عوامی رضاکار فورس بسیج، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی، فوج، پولیس فورس اور بارڈر سیکورٹی فورس اور اسی طرح تمام وہ افراد کہ جنھوں نے ایران میں جوہری ٹیکنالوجی کے میدان میں کوشش و جدوجہد کی اور شہادت کے درجے پر فائز ہوئے، نیز مدافعین حرم اور تمام وہ محترم افراد جو حال ہی میں مجلس شورائے اسلامی کی عمارت اور اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی رح کے مزار اقدس میں شہید ہوئے، ان سب نے اس بات کو ثابت کیا ہے کہ باب شہادت بدستور کھلا ہوا ہے۔