ایران کی جانب سے پارا چناردھماکوں کی مذمت
اسلامی جمہوریہ ایران نے پاکستان میں گزشتہ روز عالمی یوم القدس کے موقع پر ہونے والے دہشتگردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے اپنے ایک بیان میں پاراچنار میں کل ہونے والے دھماکوں کے نتیجے میں نہتے شہریوں کی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا. انہوں نے شہید ہونے والوں کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا.
بہرام قاسمی نے اس افسوسناک سانحے پر پاکستانی قوم اور حکومت کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے دن جب دنیا کے مسلمان فلسطینیوں کے حقوق کے لئے آواز بلند اور صہیونی مظالم کی مذمت کرتے ہیں کچھ صیہونی نواز دہشتگرد عناصر نے پاکستانی عوام کو خون میں نہلا کر دہشتگردی اور صیہونیزم سے اپنے گٹھ جوڑ کو واضح کر دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کے قبائلی علاقے پاراچنار میں یوم القدس کے موقع پر دوخودکش دھماکوں کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے شہید اورزخمی ہونے والوں میں بچے اورعورتیں بھی شامل ہیں۔