Jun ۲۷, ۲۰۱۷ ۱۱:۰۸ Asia/Tehran
  • علاقائی سلامتی کے لئے یوروشیا اجلاس کی اہمیت پر تاکید

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکرعلی لاریجانی نے کہا ہے کہ یوروشیائی اسپیکروں کا اجلاس علاقائی سلامتی اور اقتصادی ترقی کے لئے اہم ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکرعلی لاریجانی نے گزشتہ رات جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول پہنچنے پر صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوروشیا کی اقتصادی تنظیم کے رکن ممالک کے اسپیکروں کے اجلاس خطے میں پائیدار سلامتی کے قیام اور رکن ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کو فروغ دینے کے لئے نہایت اہمیت کا حامل ہے.

انہوں نے کہا کہ یوروشیائی اسپیکروں کے اجلاس کی تشکیل میں ایران نے اہم اورتعمیری کردارادا کیا ہے.

ایران کے اسپیکر نے کہا کہ علاقائی مسائل کے حل کے لیے ایشیا ئی ممالک کے سربراہوں اور بعض یورپی ممالک کے حکام، اس تنظیم کے ساتھ موثر تعاون کر رہے ہیں.

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ بین الاقوامی حالات کے باوجود ایسی تنظیموں اور اداروں کی تشکیل، خطے میں پائیدار امن کے قیام اور ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے میں مدد کر سکتی ہے.

علی لاریجانی کا کہنا تھا کہ اس اجلاس میں خطے کے اہم مسائل بشمول علاقائی سیکورٹی، توانائی اور اقتصادی سرمایہ کاری کے مسائل کے بارے تبادلہ خیال کیا جائے گا.

انہوں نے کہا کہ اس اجلاس کے دوران جنوبی کوریا کے حکام کے ساتھ ملاقات کریں گے جن کا اہم مقصد جنوبی کوریا اور دیگر ممالک کے ساتھ ایران کے تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے.

اسلامی جمہوريہ ايران کی پارليمنٹ کےاسپيکرعلی لاريجانی کی قيادت ميں ايرانی نمائندوں کا ایک اعلی سطحی وفد پير کے روز يوريشيا کے دوسرے پارليمانی اجلاس ميں شرکت کے لئے جنوبي کوريا کے دورے پر روانہ ہوا.

 

ٹیگس