Jun ۲۸, ۲۰۱۷ ۱۰:۴۱ Asia/Tehran
  • سرحدوں پر حفاظتی اقدامات کو موثر بنانے کا مطالبہ

اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کی پارلیمنٹ کے اسپیکروں نے سئول میں ملاقات کی۔

اسلامی جمہوریہ ایران  کی پارلیمنٹ کے اسپیکرعلی لاریجانی اور پاکستان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر سردار ایاز صادق کے مابین جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں منعقدہ یوریشیا تنظیم کے اسپیکروں کے اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات کے دوران علی لاریجانی نے سرحدی معاملات کے حوالے سے پاکستانی حکومت اور آرمی پر زور دیا کہ وہ مشترکہ سرحدوں کی نگرانی بالخصوص دہشت گردوں اور شرپسندوں کے ایران میں داخلے کو روکنے کے حوالے سے ضرورت اقدامات اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ پاکستانی حکام ایران سے ملحقہ مشترکہ سرحدوں کی حفاظت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کی توسیع سے کاروباری شخصیات کو سہولت میسر ہو گی۔

اس ملاقات میں پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے تہران کے حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے حضرت امام خمینی (رح) کے مزار اور ایرانی پارلیمنٹ پر دہشت گردوں کی سفاکانہ کارروائیوں پر افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان بینکاری شعبے کے حوالے سے بعض معاہدے طے پاچکے ہیں جن کو ابھی تک نافذ نہیں کیا گیا مگر ہمیں امید ہے کہ اس حوالے سے جلد رکاوٹوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔

ٹیگس