ایران کے وزیر خارجہ کی فرانسیسی حکام سے ملاقات
ایران کے وزیر خارجہ نے پیرس میں اپنے فرانسیسی ہم منصب اور اس ملک کی پارلیمنٹ کے اسپیکر سے ملاقات کر کے دونوں ملکوں کے تعلقات کے فروغ اور مغربی ایشیا کے حالات پر تبادلہ خیال کیا۔
پیرس سے ہمارنے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور فرانس کے وزیر خارجہ جان ایو لودریان نے جمعرات کی شب پیرس میں ملاقات کے دوران مشرق وسطی خاص طور سے عراق و شام میں جاری بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عالمی برادری کے درمیان اتحاد و یکجہتی پر تاکید کی۔
ایران اور فرانس کے وزرائے خارجہ نے دونوں ملکوں کے تعلقات کے فروغ کی راہوں اور مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔
اس ملاقات میں فرانس کے وزیر خارجہ نے اسلامی جمہوریہ ایران کے کلیدی کردار پر تاکید کی۔
ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے فرانسیسی ہم منصب سے ملاقات سے قبل فرانس کی پارلیمنٹ کے اسپیکر جیرار لارشے سے ملاقات کی تھی۔
جیرار لارشے نے اس ملاقات کے آغاز میں تہران کے حالیہ دہشت گردانہ واقعے پر ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن روحانی کو دوبارہ صدر منتخب کئے جانے کی مبارکباد پیش کی۔
اس ملاقات میں فرانس کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ فرانس، تہران کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور علاقے کے مسائل کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ مسلسل سیاسی صلاح و مشورہ کرتے رہنا چاہتا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے فرانس کے ساتھ سیاسی صلاح و مشورے اور علاقے کے مسائل کے حل کے سلسلے میں یورپ کے فعال کردار کا خیرمقدم کیا۔
ایران کے وزیر خارجہ نے فرانس کے ساتھ تعلقات کے اہمیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اسے ایران کا ایک اہم تجارتی پارٹنر قرار دیا۔
محمد جواد ظریف نے ایران اور فرانس کے درمیان بینکنگ کے بعض مسائل کو جلد سے جلد دور کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ دوطرفہ اقتصادی و تجارتی تعلقات کو آسان بنایا جا سکے۔ایران کے وزیر خارجہ ، اٹلی اور جرمنی کے حکام سے ملاقات وگفتگو کے بعد جمعرات کو پیرس پہنچے ہیں۔