ایران خطے میں امریکی بالادستی روکنے کی کوشش کر رہا ہے، صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران، خطے میں امن و استحکام کے قیام اور بیرونی طاقتوں کی مداخلت کا راستہ روکنے کا خواہاں ہے۔
تہران میں عدلیہ کے ملگ گیر سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ دشمن، مشرق وسطی میں عدم استحکام پھیلانے اور علاقے کی سلامتی اور ترقی کے راستے میں مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ دشمن کے اس اقدام کا مقصد اسلحے کی فروخت سے منافع کمانا اور خطے میں اپنے مداخلت کے بہانوں میں اضافہ کرنا ہے۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے بڑے واضح الفاظ میں کہا کہ خطے میں امریکہ کے اثرو رسوخ کا راستہ روکنا ایران کی بنیادی پالیسی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یورپ، چین اور روس کو امریکہ کے ناجائز مطالبات کے مقابلے میں لانا اور واشنگٹن کے مداخلت پسندانہ اقدامات کی مذمت کرنا ایران کی خارجہ پالیسی میں شامل ہے۔
صدر مملکت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں قرارداد بائیس اکتیس اور ایران کے میزائل پروگرام کے جائزے کے بارے میں امریکی بل کی ناکامی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یورپ، چین، روس اور دیگر ملکوں نے امریکی منصوبے کی بنیادی مخالفت کی ہے۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے واضح کیا کہ یورپی یونین، روس، چین اور بہت سے افریقی اور ایشیائی ممالک مختلف معاملات میں ایران کے موقف کی حمایت کرتے ہیں۔