ایران کی جانب سےموصل کی آزادی پرمبارکباد
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ اور وزیر دفاع سمیت اعلی حکام نے عراقی شہر موصل کی مکمل آزادی پر عراقی قوم اور حکومت کو دلی مبارکباد پیش کی۔
عراق کے اہم شہر موصل کی داعش کے دہشتگردوں کے ہاتھوں سے مکمل آزادی پر ایرانی قیادت کی جانب سے عراقی قوم اور حکومت کو مبارکباد کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے. اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں کہا کہ ہم موصل کی مکمل آزادی پر عراقی حکومت اور بہادر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں. انہوں نے کہا کہ جب عراقی عوام ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں تو کوئی بھی طاقت ان کو کامیابی حاصل کرنے سے نہیں روک سکتی۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل حسین دہقان نے اپنے خصوصی پیغام میں موصل کی مکمل آزادی پر عراقی قوم اور مسلح افواج کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے عراقی ہم منصب اورعوامی رضاکارفورس (الحشد الشعبی) کے کمانڈر کے نام خصوصی پیغام میں موصل کی فتح پر مبارکباد دی۔
انہوں نے عراقی وزیر دفاع میجر جنرل عرفان محمود عبدالغفور عبداللہ الحیالی اور عوامی رضا کار فورس الحشد الشعبی کے سربراہ ہادی العامری کے نام پیغام میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی قوم اور مسلح افواج داعش کے درندہ اور سفاک دہشتگردوں کے قبضے سے عراقی شہر موصل کی آزادی اور عراق میں پائیدار امن اور سلامتی کو برقرار رکھنے پر خوش ہیں اورتوقع کی جاتی ہے کہ عراق کی بہادر مسلح افواج کی فتوحات اور ملک کی ترقی کے لئے کوششیں جاری رہیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور عراق کے درمیان دفاعی، فوجی اور سلامتی شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری نے بھی عراقی شہر موصل کی مکمل آزادی اور داعش اور تکفیری دہشتگردوں کی شکست پر مبارکباد پیش کی۔ واضح رہے کہ موصل جس پر گزشتہ تین سالوں سے داعش کے دہشتگردوں کا قبضہ تھا، کو مکمل طور پر آزاد کرالیا گیا ہے.