اسلامی تعاون تنظیم کانفرنس میں شرکت کے لئے ایرانی وزیر خارجہ کا دورہ ترکی
فلسطین پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کانفرنس میں شرکت کے لئے ایران کے وزیر خارجہ آج صبح استنبول پہنچ گئے ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف فلسطین کی صورتحال کے حوالے سے اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کی کانفرنس میں شرکت کے لئے منگل کے روز ترکی کے شہر استنبول پہنچ گئے۔.
استنبول پہنچنے پر سنیئر ترک حکام، ایرانی سفیر اور ایرانی اداروں کے عہدیداروں نے محمد جواد ظریف کا استقبال کیا.
ایرانی وزیر خارجہ مقبوضہ فلسطین اور بیت المقدس کی حالیہ صورتحال پر او آئی سی کے غیرمعمولی اجلاس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مؤقف کو پیش کریں گے اور ترکی کے وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کریں گے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے گزشتہ روز اس حوالے سے کہا تھا کہ مقبوضہ فلسطین کی حالیہ صورتحال بالخصوص القدس کے علاقے میں نہتے عوام پر بڑھتے ہوئے دباؤ کے تناظر میں اسلامی ممالک کے درمیان باہمی مشاورت اور تعاون ناگزیر ہے.
انہوں نے اسلامی ممالک سے مطالبہ کیا کہ بعض معمولی اختلافات کے باوجود کسی کو نہیں بھولنا چاہئے کہ فلسطین پورے عالم اسلام کا مسئلہ ہے اور اس کا حل صرف امت اسلامی کی وحدت اور جابرو غاصب صیہونی حکومت پر دباؤ بڑھانے سے ممکن ہے.
واضح رہے کہ اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی 1969ء میں قائم ہوئی اوراقوام متحدہ کے بعد او آئی سی کے 57 ممبرہیں تاہم وہ ابھی تک اسلامی ممالک کے مسائل کو حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔