امریکہ کو ایران کا کرارا جواب
ایران نے کہا ہے کہ امریکہ کو چاہیے کہ وہ اپنی حدود میں رہے۔
مجمع تشخیص مصلحت نظام کے ریسرچ سینٹر کے سربراہ اور سابق وزیر خارجہ ڈاکٹرعلی اکبر ولایتی نے امریکی حکام کی جانب سے ایران کے فوجی مراکز کے معائنے سے متعلق بیان پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکیوں کو ایران کے فوجی مراکز تک پہنچنے کی کبھی بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ایسوشیٹڈ پریس نے امریکی حکام کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جو جوہری معاہدے کو ختم کرنے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں ایران کے بعض فوجی مراکز کے معائنے کی کوشش کے ذریعے جوہری معاہدے کے استحکام کو آزمانا چاہتے ہیں۔
مجمع تشخیص مصلحت نظام کے ریسرچ سینٹر کے سربراہ اور سابق وزیر خارجہ ڈاکٹرعلی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ امریکیوں کو ایران کے فوجی مراکز تک پہنچنے کی کبھی اجازت نہیں دی جائے گی اور امریکی حکام ایران کی سکیورٹی حدود کی خلاف ورزی کی جرات نہیں کر سکتے۔
ڈاکٹرعلی اکبر ولایتی نے کہا کہ وہ لوگ جو یہ سوچتے تھے کہ وہ بڑی طاقت ہیں عراق،افغانستان،ویتنام اور دوسرے علاقوں میں پے در پے شکست کھانے کے بعد بخوبی واضح ہو گيا کہ ان کے اس قسم کے دعووں کی کوئی حقیقت نہیں ہے۔
ڈاکٹرعلی اکبر ولایتی نے کہا کہ امریکیوں کو اس قسم کی بیہودہ باتوں سے کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا اور بیہودہ باتوں کی وجہ سے امریکہ کو عالمی سطح پر مزید رسوائی کا سامنا کرنا پڑےگا۔