Aug ۲۰, ۲۰۱۷ ۱۴:۵۱ Asia/Tehran
  • ایرانی پارلیمنٹ نے نئی کابینہ کو اعتماد کا ووٹ دے دیا

ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی نے صدر حسن روحانی کی نئی کابنیہ کے لئے سترہ میں سولہ نامزد وزرا کو اعتماد کا ووٹ دے دیا ہے۔

ہمارے پارلیمانی امور کے نمائندے کے مطابق، وزارت ٹرانسپورٹ کے لیے عباس آخوندی نے پارلیمنٹ سے ایک سو اٹھاسی ووٹ حاصل کیے، وزارت کھیل اور نوجوانوں کے امور کے لیے مسعود سلطانی فر نے دو سو پچیس، وزرات داخلہ کے لیے عبدالرضا رحمانی فضلی نے دو سو پچاس ووٹ، وزارت خارجہ کے لئے محمد جواد ظریف نے دوسوچھتیس اور وزارت پیٹرولیم کے لیے پیژن نامدار زنگنے نے دو سو تیس ووٹ حاصل کیے۔ایران کے اراکین پارلیمنٹ نے، وزارت قانون کے لیے علی رضا آوائی کو دو سو چوالیس، وزرات خزانہ کے لیے مسعودکرباسیان کو دو سو چالیس، وزارت ثقافت کے لیے سید عباس صالحی کو دو سو بیالیس اور وزارت صعنت و معدنیات و تجارت کے لیے محمد شریعت مداری کو دو سو اکتالیس ووٹ دیے۔سید محمود علوی دو سو باون ووٹ لیکر وزیر انٹیلی جینس، علی ربیعی ایک سو اکیانوے ووٹ لیکر وزیر تعاون، محنت اور فلاو بہبود، بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی دو سو اکسٹھ ووٹ لے کر وزیر دفاع کے عہدے پر فائز ہوئے۔ایران کی پارلیمنٹ نے وزارت زراعت کے لیے محمود حجتی کو ایک سو چونسٹھ ووٹ دیئے جبکہ، وزیر مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے لیے محمد جواد آذری جہرمی کو ایک سو باون ووٹ، وزیر صحت کے لیے سید حسن قاضی زادہ ہاشمی کو دو سو ترپن ووٹ اور وزارت تعلیم و تربیت کے لیے محمد بطحائی کو دو سو اڑتیس ووٹ دیئے۔صدر حسن روحانی کی کابینہ کے صرف ایک نامزد وزیر پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ایک سو تینتیس ارکان نے، وزارت توانائی کے لیے نامزد وزیر حبیب اللہ بے طرف کی حمایت میں جبکہ ایک سو بتیس نے مخالفت میں ووٹ دیئے اور سترہ ارکان نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔ کسی بھی وزیر کو اعتماد کے لیے اکیاون فی صد سے زیادہ ارکان پارلیمنٹ کے ووٹ درکار ہوتے ہیں۔

ٹیگس