میانمار کے مسلمانوں کے قتل عام بند کیا جائے، ایران
اسلامی جمہوریہ ایران کے ادارہ ثقافت و رابطہ اسلامی نے ایک بیان جاری کرکے میانمار کے مسلمانوں کے قتل عام کی مذمت کی ہے اور سبھی اسلامی ملکوں سے کہا ہے کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کی روک تھام کریں
ایران کے ادارہ ثقافت و رابطہ اسلامی نے پیر کو ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ میانمارکے مسلمانوں پر مظالم ، انہیں ایذا رسانی، ان کی نسل کشی اور در بدری انتہا پسندوں کے گذشتہ اقدامات کا ہی تسلسل ہے- بیان میں کہا گیا ہے کہ میانمار کے مسلمان دنیا کی سب سے زیادہ مظلوم اقلیت ہیں جنھیں ہمیشہ ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا گیا ہے - ایران کے ادارہ ثقافت و رابطہ اسلامی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی حکومتوں کی بے توجہی بھی میانمار کے مسلمانوں کا قتل عام جاری رہنے کا سبب بنی ہے- بیان میں کہا گیا ہے کہ میانمار کے مسلمانوں کو زمین ، تعلیم عام سہولتوں اور انسانوں کے بنیادی ترین حق یعنی جینے کے حق سے بھی محروم کردیا گیا ہے اور روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام ، ان کے لاپتہ ہونے اور بے گھر ہونےوالوں کی تعداد میں ہرروز اضافہ ہورہا ہے -