ایران و پاکستان سرحدی نگرانی بڑھانے پر متفق
ایران اور پاکستان نے سرحدی تعاون اور نگرانی میں اضافے پر اتفاق کیا ہے۔
ایران کی بارڈر سیکورٹی فورس کے کمانڈر برگیڈیئیر جنرل قاسم رضائی نے کہا ہے کہ پاکستان کے حکام کے ساتھ حالیہ بات چیت کے بعد ایران پاکستان مشترکہ سرحدوں پرگشت اور نگرانی کے عمل میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے دو برادر اسلامی ملکوں کی حیثیت سے ایران اور پاکستان کے درمیان مشترکہ سرحدی انتظام کی ضرورت پر بھی زور دیا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی مشترکہ سرحدوں کی نگرانی کے لیے ایران کو بے تحاشہ اخراجات برداشت کرنا پڑ رہے ہیں۔اس سلسلے میں انہوں نے مشرقی سرحدوں پر دہشت گردانہ کارروائیوں میں ایران کے سرحدی محافظین کی شہادت اور دہشت گردوں کے پاکستانی علاقے کی جانب فرار کے واقعات کی جانب اشارہ کیا۔ایران کی بارڈر سیکورٹی فورس کے سربراہ نے حکومت پاکستان پر زور دیا کہ وہ مزید اہلکاروں کو مشترکہ سرحد پر تعینات کرے تاکہ علاقے میں دہشت گردوں کی رفت و آمد کو کنٹرول اور سرحدی سلامتی میں اضافہ کیا جاسکے۔برگیڈیئیر جنرل قاسم رضائی نے کہا کہ مشترکہ سرحدی انتظام کے بارے میں مذاکرات کے لیے پاکستان کا ایک وفد جلد ایران کا دورہ کرے گا۔