پاکستان کے وزیر خارجہ کی صدر حسن روحانی سے ملاقات
پاکستان کے وزیر خارجہ نے تہران میں صدر حسن روحانی اور وزیر خارجہ محمد جواد ظریف سے ملاقات اور گفتگو کی ہے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے پیر کی شام ایوان صدر میں صدر حسن روحانی سے ملاقات کی۔
اس موقع پر صدر حسن روحانی نے خطے کی مشکلات کو بیرونی مداخلت کے بغیر حل کئے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان سمیت خطے کی مشکلات کا حل علاقائی ہے اور بیرونی طاقتیں ان معاملات کو کبھی حل ہوتے نہیں دیکھ سکتیں۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ خطے کے ممالک، خاص طور سے ایران اور پاکستان کو علاقے کے امن و استحکام کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران پاکستان سمیت خطے کے تمام ممالک کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور علاقائی امن و سلامتی کے قیام میں تعاون کے لیے تیار ہے۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران اور پاکستان خطے کے دو اہم اور موثر ممالک ہیں اور تہران اسلام آباد کے ساتھ اقتصادی سیاسی اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے مشترکہ سرحدوں پر سیکورٹی میں اضافے کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے فروغ کو ضروری قرار دیا۔
صدر نے کہا کہ سرحدی سلامتی میں اضافہ، اور مشترکہ سرحدوں کو اقصتادی اور تجارتی سرحدوں میں تبدیل کرنے سے ، دونوں ملکوں کے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔
پاکستان کے وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ملک اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے۔
انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ علاقائی بحرانوں کو حل کرنے کے لئے علاقائی راہ حل اور اسلامی جمہوریہ ایران کی بھرپور مشارکت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ باہر سے مسلط کردہ کوئی بھی حل علاقائی مشکلات کے حل میں مددگار ثابت نہیں ہوسکتا۔
پاکستان کے وزیر خارجہ نے ایران اور پاکستان اور مشترکہ سرحدوں پر امن کے فروغ اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون اور تعلقات کے فروغ پر بھی زور دیا
پاکستان کے وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے اس سے پہلے اپنے ایرانی ہم منصب ڈاکٹر محمد جواد ظریف سے ملاقات میں باہمی روابط میں فروغ کی راہوں کے جائزے کے ساتھ ہی علاقائی اور عالمی مسائل میں تہران اور اسلام آباد کے تعاون کی تقویت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
اس ملاقات میں اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی و اقتصادی روابط کی تقویت اور بینکاری تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انھوں نے اسی کے ساتھ ہی خطے میں سرگرم انتہا پسند اور دہشت گرد گروہوں سے مقابلے اور افغانستان میں قیام امن میں بھی تہران اور اسلام آباد کے تعاون پرتاکید کی۔
پاکستان کے وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے اس ملاقات میں کہا کہ علاقے کے حالات کے تعلق سے ایران اور پاکستان کی پالیسی ایک ہونی چاہئے۔
انھوں نے کہا کہ افغانستان میں دوعشرے سے بیرونی افواج موجود ہیں لیکن اس ملک میں امن و امان کی صورت حال میں بہتری نہیں آئی ہے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف پیر کو ایک سیاسی اور اقتصادی وفد لیکر تہران پہنچے ہیں۔