میانمار کے مسلمانوں کے لئے ایران کی جانب سے انسان دوستانہ امداد
میانمار کے روہنگیا مسلمانوں کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کی جمعیت ہلال احمر کی جانب سے انسان دوستانہ امداد کی پہلی کھیپ بنگلہ دیش پہنچ گئی ہے
اسلامی جمہوریہ ایران کی جمعیت ہلال احمر کی جانب سے میانمار کے مظلوم اور بے گھر مسلمانوں کے لئے انسان دوستانہ امداد کی پہلی کھیپ چالیس ٹنوں پر مشتمل ہے جو جمعے کی صبح بنگلہ دیش میں میانمار کے پناہ گزینوں کے لئے پہنچ گئی ہے - ایران کی جانب سے ارسال کی گئی انسان دوستانہ امداد میں غذائی اشیا، ادویات اور ضرویات زندگی کے دیگر سامان شامل ہیں - ایران کی جمعیت ہلال احمر کے سربراہ مرتضی سلیمی نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں کو امدادی سامان پہنچانے میں میانمار کی حکومت نے تعاون کرنے سے انکار کردیا ہے - انہوں نے کہا کہ یہ سامان ان روہنگیا مسلمانوں کو تقسیم کئے جائیں گے جو میانمار سے فرار کرکے بنگلہ دیش پہنچے ہیں - ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش میں پناہ لینے والے میانمار کے روہنگیا مسلمانوں کو ایران کی جانب سے ایک سوپچاس ٹن امدادی اشیاارسال کی جائیں گی - ان کا کہنا تھا کہ ہلال احمر کے عہدیداروں اور ایران کے نائب وزیرخارجہ پر مشتمل ایک اعلی سطحی ٹیم میانمار کے روہنگیا مسلمانوں کی رہائش اور ان کے لئے حفظان صحت کے انتظام اور دیگر ساز و سامان کی فراہمی کے طریقہ کار کا جائزہ لے رہی ہے اور یہ ٹیم اس وقت بنگلہ دیش میں موجود ہے- ایران کی جمعیت ہلال احمر کے سربراہ کا کہنا تھا کہ یہ ٹیم اس بات کا جائزہ لے گی کہ روہنگیا مسلمانوں کو فوری طور پر کن چیزوں کی ضرورت ہے تاکہ اسی اعتبار سے ان کےلئے امدادی سامان ارسال کیا جائے - ایران کی جمعیت ہلال احمر کے سربراہ نے کہا کہ ایران کی جانب سے چارسو خیمے پناہ گزینوں کے لئے لگائے گئے ہیں اور ایران کی ہلال احمر ایسی ٹیموں کو بھی بنگلہ دیش روانہ کررہی ہے جو ان پناہ گزینوں کے لئے وقتی رہائش کا انتظام کرسکے - اس درمیان بین الاقوامی امور میں رہبرانقلاب اسلامی کے مشیر نے میانمار کی حکومت کے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حکومت مغرب کی آلہ کار ہے ان کا کہنا تھا کہ اسلامی ممالک روہنگیا مسلمانوں کے خلاف میانمار کی حکومت کے مظالم کو روکنے کے لئے اٹھ کھڑے ہوں گے - ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے میانمار کی حکومت کے جرائم میں امریکا کو بھی برابر کا شریک قراردیا اور کہا کہ اسلامی ممالک عالمی اداروں کے توسط سے اس ڈکٹیٹر حکومت کا مقابلہ کریں گے - گذشتہ پچیس اگست سے میانمار کے صوبے راخین میں مسلمانوں پر میانمار کی فوج اور انتہا پسند بدھسٹوں کے حملوں میں اب تک ہزاروں مسلمان جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں جبکہ چار لاکھ افراد اپنے گھروں سے بے گھر ہوئے ہیں - میانمار کی فوج نے روہنگیا مسلمانوں کی بستیوں اور گاؤں کو بھی آگ لگادی ہے -