Sep ۱۶, ۲۰۱۷ ۱۶:۲۹ Asia/Tehran
  • میانمار کے پناہ گزیں مسلمانوں کے لئے ایران کی انسان دوستانہ امداد

ایران کی انجمن ہلال احمر کے ریسکیو ادارے کے سربراہ نے کہا ہے کہ میانمار کے بے گھر روہنگیا مسلمانوں کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے ایک سو ساٹھ ٹن انسان دوستانہ امداد کی دوسری کھیپ پیر کو بنگلہ دیش روانہ کردی جائے گی۔

ایران کی انجمن ہلال احمر کے ریسکیو ادارے کے سربراہ مرتضی سلیمی نے فارس نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ روہنگیا مسلمانوں کے لئے ایران کی جانب سے انسان دوستانہ امداد کی دوسری کھیپ میں اشیائے خوراک ، ادویات اور بنیادی ضرورتوں کی اشیا شامل ہیں۔
انہوں نے بنگلہ دیش میں میانمار کے پناہ گزیں مسلمانوں میں ایران کی امدادی اشیا کو تقسیم کرنے کے طریقہ کار کے بارے میں کہا کہ ایران کی جانب سے ارسال کردہ امدادی اشیا کی پہلی کھیپ بنگلہ دیش پہنچ گئی ہے جسے سرحدی علاقے کوکس بازار میں موجود میانمار کے پناہ گزینوں میں تقسیم کیا جارہا ہے۔
ایران کی انجمن ہلال احمر کے ریسکیو ادارے کے سربراہ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران کی جانب سے بنگلہ دیش جانےوالی ٹیم نے میانمار کے پناہ گزیں مسلمانوں کے لئے رہنے کے لئے بنائے گئے وقتی کیمپوں کا دورہ کیا ہے کہا کہ ایران کی طرف سے بھیجی گئی ٹیم بنگلہ دیش کے مقامی حکام کی ہم آہنگی سے میانمار کے مسلمانوں کے لئے ایمرجنسی کیمپوں کا انتظام کرے گی اور ان کے لئے فیلڈ اسپتال بھی قائم کرے گی۔
دریں اثنا بنگلہ دیش میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے کہا ہے کہ میانمار میں مسلمانوں کے خلاف ہورہے مظالم کو روکوانے کے لئے عالمی سطح پر اقدام کی ضرورت ہے۔
بنگلہ دیش میں ایران کے سفیر عباس واعظی نے ہفتے کو ہمارے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ روہنگیا مسلمانوں کا مسئلہ میانمار اور بنگلہ دیش کے درمیان ایک پرانے زخم کی مانند ہے جس کی ایک تاریخ ہے۔
ان کا کہناتھا کہ تھوڑے تھوڑے عرصے کے بعد روہنگیا پناہ گزینوں کی نقل مکانی کا مسئلہ تکرار ہونے لگتاہے۔
بنگلہ دیش میں ایران کے سفیرنے کہا کہ موجودہ صورتحال ماضی سے مختلف ہے اور بنگلہ دیش پہنچنے والے روہنگیا مسلمانوں کا بھی کہنا ہے کہ میانمار کی فوج مردوں کو قتل اور عورتوں اور بچوں کو گرفتار کرکے ان کے گھروں کو آگ لگا رہی  ہے اسی لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ میانمار کے مسلمانوں پر ڈھائے جارہے مظالم کو بند کرانے کے لئے عالمی سطح پر اقدامات کئے جائیں۔

ٹیگس