جوہری معاہدے کے تحفظ پر تاکید
جوہری معاہدے کے تحفظ کے لئے گروپ 5+1 کا باہمی اتحاد ناگزیر ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے گزشتہ روز اقوام متحدہ کی 72ویں جنرل اسمبلی کے موقع پر جوہری معاہدے کے مشترکہ کمیشن کے اجلاس کے بعد صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ امریکہ کے علاوہ گروپ 5+1 کے رکن ممالک نے جوہری معاہدے کے مکمل نفاذ اور اس پر مذاکرات نہ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام فریقین کو اس عالمی معاہدے پر قائم رہنا چاہیئے۔
انہوں نے جوہری معاہدے کے تحفظ کے لئے گروپ 5+1 کے درمیان باہمی اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جوہری معاہدے پر از سر نو مذاکرات کی ہرگز گنجائش نہیں ہے۔
محمد جواد ظریف نے کہا کہ منعقدہ نشست میں ہم نے امریکی خلاف ورزی ، نئی امریکی حکومت کے نامناسب رویے اور امریکی حکام کے ایران مخالف بے بنیاد الزامات اوربیانات پر بات چیت کی۔
انہوں نے کہا کہ رکن ممالک نے منعقدہ اجلاس کے دوران جوہری معاہدے کے کثیرالجہتی ہونےاور سلامتی کونسل کی قرارداد پر تبادلہ خیال کیا ۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کں جنرل اسمبلی کے اجلاس میں ایران کے حوالے سے امریکی صدر کے بے بنیاد الزامات اس بات کے ثبوت ہیں کہ وہ عالمی برادری کی حقیقتوں سے دور اور ناواقف ہے۔