عراقی کردستان کی علیحدگی کے بارے میں ریفرنڈم غیر قانونی، ایران
ایران نے عراقی کردستان کی علیحدگی کے بارے میں ہونے والے ریفرنڈم کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے تاکید کے ساتھ اعلان کیا ہے کہ اس اقدام کا نتیجہ علاقے میں سیاسی بحران کی شکل میں برآمد ہو گا۔
بین الاقوامی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے منگل کو تہران میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراق سے کردستان کی علیحدگی کے بارے میں ریفرنڈم کرانے سے متعلق مسعود بارزانی کے اقدام میں امریکہ، برطانیہ اور اسرائیل کا ہاتھ رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ دشمنوں کو داعش دہشت گرد گروہ سے کوئی فائدہ نہیں پہنچا ہے اور اب وہ مسلمانوں اور اسلامی ملکوں میں تفرقہ پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر ولایتی نے کہا کہ عراقی کردستان کی علیحدگی کے بارے میں ریفرنڈم کا انعقاد اس علاقے کے سربراہ مسعود بارزانی کے سیاسی زوال کا آغاز ہے۔
انھوں نے کہا کہ دشمنان اسلام کے خلاف مہم میں کرد عوام پیش پیش رہے ہیں تاہم عراقی کردستان کے علاقے کے سربراہ مسعود بارزانی نے اپنا مستقبل اسرائیل سے وابستہ کرلیا ہے۔
بین الاقوامی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ ایران اورترکی جیسے علاقے کے ممالک اس قسم کے نفرت انگیز اقدام کے مقابلے میں کھڑے رہیں گے اور یہ کہ مسعود بارزانی کو اپنے اس اقدام کے نتیجے پر غور کرنا ہو گا۔
انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران علاقے کے ملکوں خاص طور سے عراق و شام جیسے اتحادی ملکوں کی ارضی سالمیت کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور وہ ان ممالک کی ارضی سالمیت کا دفاع کرنے کا عزم رکھتا ہے۔
ڈاکٹر ولایتی نے کہا کہ ایران نے شام میں گذشتہ چھے برسوں کے دوران جو کچھ انجام دیا وہ اس ملک کو تقسیم سے ہی بچانا تھا۔
ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی نے بھی عراقی کردستان کی علیحدگی کے بارے میں ہونے والے ریفرنڈم کے ممکنہ نتیجے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ ایران، کسی بھی ایسے اقدام کے خلاف ہے جس سے علاقے کے کسی بھی ملک کی جغرافیائی سرحدیں تبدیل ہو سکتی ہیں۔
انھوں نے تہران میں ترکی کے سفیر رضا ہاکان تکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسی حالت میں عراق کی حکومت اور قوم، داعش دہشت گرد گروہ کے خلاف برسرپیکار ہے، عراقی کردستان کی علیحدگی کے بارے میں اس علاقے کے حکام کا اقدام دہشت گردوں اور ان کے علاقائی و بین الاقوامی حامیوں کو گھناؤنی سازش رچانے کی راہ ہموار کرنے کے مترادف ہے۔