Sep ۱۳, ۲۰۲۴ ۲۱:۳۴ Asia/Tehran
  • صدر مملکت کی کامیاب عراق دورے کے بعد وطن واپسی

صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان اپنا تین روزہ عراق دورہ مکمل کرکے بصرہ سے تہران کے لئے روانہ ہوگئے۔

سحرنیوز/ایران:  ارنا کے مطابق صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان اپنے تین روزہ دورے کے آخری مرحلے میں بصرہ پہنچے اور وہاں کے صوبائی حکام، دانشوروں اور یونیورسٹی اساتذہ کی نشست سے خطاب اور ملاقاتوں کے بعد جمعے کی شام تہران کے لئے روانہ ہوگئے۔  اس رپورٹ کے مطابق بصرہ ایئر پورٹ پر عراق کی اعلی حکام، صوبہ بصرہ کے گورنر اسد العیدانی اور ایرانی سفارتکاروں نے صدر مملکت کو سرکاری اعزاز کے ساتھ رخصت کیا۔

قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر مسعود پزشکیان عراق کے صوبہ بصرہ کا دورہ کرنے والے ایران کے پہلے صدر ہیں۔ انھوں نے بصرے میں عوام کے مختلف طبقات، قبائلی عمائدین، دانشوروں، یونیورسٹی اساتذہ صوبائی رہنماؤں اور بعض غیر سرکاری اداروں کے سربراہوں سے ملاقات اور گفتگو کی۔

 صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان بدھ 11 ستمبر کی صبح ایک اعلی سطحی سیاسی و اقتصادی وفد لے کر اپنے پہلے غیر ملکی دورے میں، بغداد پہنچے جہاں انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر عراق کے وزیر اعظم نے ان کا استقبال کیا۔ اس کے بعد صدر ایران نے سرداران محاذ استقامت شہید جنرل قاسم سلیمانی اور شہید جنرل ابو مہدی المہندس کی جائے شہادت اور ان  کی یادگار پر حاضری دی ، فاتحہ خوانی کی اور خراج عقیدت پیش کیا۔

صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے بغداد میں عراق کے صدر، وزیر اعظم، عدلیہ کے سربراہ اور دیگر اعلی رہنماؤں سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں اور مذاکرات کئے۔ انھوں نے ایران کلچرل ہاؤس میں، عراق میں مقیم ایرانیوں نیز ایرانی تاجروں اور اقتصادی میدان میں سرگرم لوگوں سے ملاقات کی اور پھر حضرت امام موسی کاظم اور امام محمد تقی علیہما السلام کے روضوں کی زیارت کے لئے کاظمین گئے۔  

 اپنے دورہ عراق کے دوسرے دن صدر ایران عراقی کردستان ریجن کے حکام سے ملاقات کے لئے اربیل اور سلیمانیہ گئے اور وہاں سے واپسی میں زیارت کے لئے نجف اشرف اور کربلائے معلی پہںچے۔ صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان اپنے دورہ عراق کے آخری مرحلے میں بصرہ گئے اور اپنا تین روزہ سرکاری دورہ مکمل کرکے جمعے کی شام بصرے سے تہران کے لئے روانہ ہوگئے۔  

 

ٹیگس