Sep ۲۸, ۲۰۱۷ ۱۷:۱۹ Asia/Tehran
  • شہادت اللہ کی جانب سے ایک تحفہ ہے، رہبرانقلاب اسلامی

رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا ہے کہ شہادت منتخب اور برگزیدہ ہستیوں کے لئے اللہ تعالی کا ایک تحفہ ہے

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے ہفتہ دفاع مقدس کی مناسبت سے اپنے پیغام میں فرمایا ہے کہ شہادت کا عظیم مرتبہ ایک نہایت اعلی و ارفع مقام ہے جو ایثار و قربانی اور اخلاص کے نتیجے میں حاصل ہوتا ہے اور یہ ایثار و اخلاص انسان کو جہاد کی طرف کھینچتا ہے جس کے نتیجے میں اللہ تعالی شہید کو شہادت کی لذت و شیرینی سے فیضیاب کرتا ہے-

رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے پیغام میں فرمایا کہ جب بھی کسی معاشرے میں کسی مقام پر کوئی ایسا عظیم انسان پیدا ہوتا ہے تو سب پر واجب ہوجاتا ہے کہ اس کی پیروی کرتے ہوئے عروج الی اللہ کی صراط مستقیم پرگامزن ہوں اور روح کو حیات ابدی عطا کریں- رہبر انقلاب اسلامی نے آخر میں فرمایا کہ سیدالشہداء پر درود و سلام ہو جو ہر دور کے تمام انسانوں کے لئے چراغ ہدایت ہیں اور ان شہداء پر بھی سلام و درود ہو جو ان کے راستے پر گامزن رہے-

قابل ذکر ہے کہ ہفتہ دفاع مقدس کی مناسبت سے جمعرات کوتہران میں شہداء کے مزاروں کی غبار روبی، عطرافشانی اور گل پوشی کے موقع پر رہبر انقلاب اسلامی کے اس پیغام کو پڑھاگیا- تہران میں رہبر انقلاب اسلامی کا یہ پیغام گلزار شہداء میں حجت الاسلام والمسلمین شہیدی محلاتی نے پڑھ کر سنایا- ہفتہ دفاع مقدس کی مناسبت سے مزار شہداء کی غبار روبی، عطرافشانی اور گل پوشی کی تقریب پورے ملک میں انجام پاتی ہے -

ٹیگس