ایران کے نائب صدر اور ترکی کے وزیر اعظم کی ٹیلیفونی گفتگو
ایران کے سنیئر نائب صدر اسحاق جہانگیری نے ترکی کے وزیراعظم بن علی یلدریم سے ہونے والی ٹیلیفونی گفتگو میں عراقی کردستان میں ہونے والے ریفرنڈم کے نتائج پر گفتگو کرتے ہوئے بین الاقوامی سرحدوں کی تبدیلی کی مخالفت میں عراقی سالمیت اور قومی اتحاد کی حمایت پر زور دیا اور کہا کہ ایران عراق کی ارضی سالمیت کو نقصان پہنچانے والے ہر اقدام کی بھرپور مخالفت کرتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کےسنیئر نائب صدراسحاق جہانگیری نے ترک وزیراعظم کی جانب سے کئے جانے والے ٹیلی فونک رابطے میں تہران اور بغداد کے مابین رابطوں پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہمسایہ ممالک کو عراق کی بنیادی آئین کے دائرے میں بغداد حکومت کی حمایت کرنی چاہئیے۔
اس موقع پرترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے عراقی علاقے کردستان میں ریفرنڈم کے انعقاد کو ایک بڑی غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس صورتحال سے علاقائی امن و استحکام کو شدید نقصان پہنچے گا۔
بن علی یلدرم نے مزید کہا کہ ترک صدر اکتوبر کے مہینے میں ایران کا دورہ کریں گے اور ہمیں امید ہے کہ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان اہم معاہدے کئے جائیں گے۔