Sep ۲۹, ۲۰۱۷ ۱۳:۴۴ Asia/Tehran
  • پوری دنیا میں عزاداری سیدالشہدا

دنیا بھر میں عزاداری سید الشہدا کا سلسلہ جاری ہے اور جیسے جیسے یوم عاشورا قریب آتا جارہا ہے، عزاداروں کا جوش اور ولولہ بھی بڑھتا جارہا ہے۔

عراق سے ملنے والی خبروں کے مطابق، کربلائے معلی کی جانب عزاداروں کے ملین مارچ کا آغاز ہوگیا ہے اور لوگ عزاداری کے دستوں کی شکل میں پیدل اور گاڑیوں کے ذریعے کربلائے معلی پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔ہمارے نمائندے کا کہنا ہے کہ کربلائے معلی کی جانب  جانے والے تمام راستے عزاداروں کے چھوٹے بڑے قافلوں اور کاروانوں سے مملو ہیں جو اپنے آقاو مولا کا غم منانے کے لیے کربلائے معلی کی جانب رواں دواں ہیں۔اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے جگہ جگہ چیک پوسٹیں اور مورچے قائم کر رکھے ہیں تاکہ زائرین  اور بارگاہ حسینی کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔بارگاہ حسینی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس نے نو اور دس محرم کی عزاداری کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں اور شہر کربلا عاشقان حسینی کی میزبانی کے لیے پوری طرح تیار ہے۔اسلامی جمہوریہ ایران میں بھی عزاداری سید الشہدا کا سلسلہ جاری ہے اور ملک کے تمام شہروں اور قریوں میں مجالس عزا منقعد کی جارہی ہیں۔آٹھ محرم کی مناسبت سے پورے ایران  میں   جلوس ھائے  عزا برآمد کیے جارہے ہیں۔سرزمین ایران میں حضرت عباس علمدار کی یاد میں عزاداری کا سب سے بڑا اور روایتی اجتماع شمال مغربی ایران کے شہر زنجان میں شروع ہوگیا ہے جس میں ایران کے مختلف شہروں اور ہمسایہ ملکوں سے آنے والے لاکھوں عزادار شریک ہیں اور علمدار کربلا اور سرکار وفا کی یاد میں اشک غم بہا رہے ہیں۔  زنجان سے ہمارے نمائندے کا کہنا ہے کہ لاکھوں کی تعداد میں عزادار صوبہ زنجان کے محتلف شہروں سے ماتمی دستوں کی شکل میں نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرتے ہوئے حسینیہ اعظم زنجان پہنچے ہیں۔پاکستان اور ہندوستان میں آج علمدار کربلا حضرت عباس ابن علی کی یاد پورے مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے۔اس موقع مختلف شہروں اور قریوں میں مجالس عزا کا اہتمام کیا جارہا ہے اور روایتی جلوسہائے عزا اور شبیہ تابوت و ذوالجناح برآمد کیے جارہے ہیں جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے مختلف امام بارگاہوں میں اختتام پذیر ہوں گے۔اس موقع پر جگہ جگہ پانی اور شربت کی سبیلیں بھی لگائی گئی ہیں اور عزارداروں میں نذر و نیاز بھی تقسیم کی جارہی ہے۔پاکستان میں عزاداری کے جلوسوں کے لئے سیکورٹی کے خصوصی انتظامات بھی کئے ہیں اور اہم سڑکوں اور شاہراہوں پر پولیس اور سیکورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری کو تعینات کردیا گیا ہے۔

ٹیگس