Oct ۰۳, ۲۰۱۷ ۱۳:۲۸ Asia/Tehran
  • دہشت گردی کی حمایت کے بہانے دوسرے ملکوں پر سیاسی دباؤ ڈالنا قابل مذمت ہے

اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے دہشت گردی کو مذہب ، قومیت، تہذیب یاکسی خاص قومی گروہ سے منسوب نہیں کیا جاناچاہئے

اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب غلام علی خوشرو نے جنرل اسمبلی کی قانونی کمیٹی کے اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کو کسی بھی مذہب، قومیت تہذیب اور قومی گروہ سے جوڑنا صحیح نہیں ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کو لوگوں کے خلاف دباؤ ڈالنے یا کیس تیار کرنے کا بہانہ بھی نہیں بننا چاہئے - ایرانی مندوب نے اقوام متحدہ کی قانونی کمیٹی کے اجلاس میں جو دہشت گردی کی نابودی کے زیرعنوان منعقدہوا تھا ناوابستہ تحریک کی نمائندگی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ناوابستہ تحریک دہشت گردی کی خواہ وہ کسی بھی شکل میں ہو مذمت کرتی ہے اور دہشت گردی کو بین الاقوامی اور انسانی قوانین کی خلاف ورزی سمجھتی ہے- انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقوں کے لوگوں کے حق خود ارادیت  اور غاصبوں اور سامراجی طاقتوں کے خلاف مظلوم قوموں کی جدوجہد کو دہشت گردی کے زمرے میں نہیں لانا چاہئے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقوں کے باشندوں پر تشدد اور وحشیانہ حملوں کی شدید ترین دہشت گردی کے طور پر مذمت کی جانی چاہئے- اقوام متحدہ میں ایران کے مندوب نے کہا کہ ناوابستہ تحریک دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بہانے تحریک کے کسی بھی رکن ملک کے خلاف دھمکی آمیز بیانات اوراقدامات منجملہ تحریک کے کسی بھی رکن ملک کو دہشت گردی کا حامی قرار دئے جانے کے تعلق سے بعض طاقتوں کے یکطرفہ اقدامات کی مذمت کرتی ہے - ایرانی مندوب نے کہا کہ ناوابستہ تحریک تمام حکومتوں سے یہ کہنا چاہتی ہے کہ وہ ہر طرح کے دہشت گردانہ اقدامات اور دہشت گردی کے لئے ہر طرح کی مالی، سیاسی اور اخلاقی حمایت سے اجتناب کریں اور اس بات کی اجازت نہ دیں کہ دہشت گردانہ اقدامات کا ارتکاب کرنے والے عناصر نقل مکانی کی صورتحال سے غلط فائدہ اٹھائیں- انہوں نے دہشت گردی کے خلاف موثر جنگ کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ سبھی حکومتوں کو چاہئے کہ وہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنے قانونی اور بین الاقوامی فرائض اور ذمہ داریوں پر عمل کریں اور دہشت گردوں کا تعاقب اور انہیں تحویل میں دینے کے تعلق سے ضروری اقدامات انجام دیں اور ساتھ ہی دوسرے ملکوں میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کی حمایت سے گریز کریں - دوسری جانب اقوام متحدہ میں ایران کے نائب مستقل مندوب نے جنرل اسمبلی کی دوسری کمیٹی کے اجلاس میں جو پائیدار ترقی کے زیرعنوان منعقد ہوا تھا تقریر کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطی میں جنگ اور بدامنی نے علاقے میں پائیدار ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رکھی ہیں - ان کا کہنا تھا کہ جنگوں کے نتیجے میں اس علاقے میں غربت و پسماندگی میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے- اقوام متحدہ میں ایران کے نائب مستقل مندوب اسحاق آل حبیب نے کہاکہ اقوام متحدہ کو چاہئے کہ وہ ترقی پذیر ملکوں کو استحکام بخشنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے - انہوں نے  کہا کہ ایران نےعلاقے میں پائیدار ترقی کے قیام اور غربت اور پسماندگی کو دور کرنے کے لئے بہت سے اقدامات انجام دئے ہیں اور پائیدار ترقی ایران کے لئے خاص اہمیت رکھتی ہے اور اس نے قومی اور علاقائی سطح پر غربت و پسماندگی کو دور کرنے کے لئے بڑے بڑے اقدامات انجام دئے ہیں - انہوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہاکہ خطے میں غربت و پسماندگی کے خاتمے یا اسے کم کرنے کے لئےعلاقائی سطح پر باہمی تعاون ضروری ہے -

 

ٹیگس