ایران خطے میں امن اور مذاکرات کا خواہاں: محمد جواد ظریف
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران خطے میں اختلافات کا نہیں بلکہ امن و مذاکرات کا خواہاں ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے گزشتہ رات عمان اور قطر کے دوروں کے اختتام پر تہران میں صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران خطے میں اختلافات کا نہیں بلکہ امن و مذاکرات کا خواہاں ہے اور ایران نے خلیج فارس کے ممالک کو بارہا بات چیت کی پیشکش کی مگر بدقسمتی سے بعض ممالک اسے نظرانداز کرتے رہے۔
محمد جواد ظریف نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ مسائل کو باہمی مذاکرات اور پُرامن طریقوں سے حل کرنے پر زور دیا ہے اور کبھی تناؤ اور کشیدگی کی حمایت نہیں کی .
وزیر خارجہ نے کہا کہ عمان اور قطر ہمارے دو اہم ہمسایہ ممالک ہیں جن کے ساتھ حالیہ مہینوں میں اقتصادی روابط میں قابل قدر اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے عمان اور قطرکی قیادتوں کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے ساتھ بینکاری، اقتصادی اور تجارتی تعاون کو مزید بڑھانے کے لئے اچھی پیشرفت ہوئی ہے۔.
محمد جواد ظریف نے کہا کہ اس دورے کے موقع پر شام اور عراق کی صورتحال بالخصوص یمنی بحران پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا.