ایران، علاقے میں امن و ثبات چاہتا ہے : بہرام قاسمی
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ پوری دنیا خاص طور سے مغربی ایشیا اور افریقہ میں عدم استحکام پیدا کرنے والی امریکی پالیسیوں نے دنیا بھر میں انسانی اسمگلنگ کے چینلوں میں اضافے کی زمین ہموار کی ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ امریکہ، غیرمعتبر ذرائع اور اطلاعات سے استفادہ کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ کے سلسلے میں ایران کے خلاف بےبنیاد، غلط اور ناروا الزامات عائد کر رہا ہے-
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکہ اس طرح کے اقدامات کے ذریعے انسانی اسمگلنگ کے سلسلے میں بین الاقوامی کنونشنوں اور معاہدوں کی بابت اپنی ذمہ داری اور کردار کی طرف سے عالمی رائے عامہ کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے-
بہرام قاسمی نے انسانی اسمگلنگ کے سلسلے میں ایران کے خلاف امریکی حکومت کی حالیہ رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے سرحد پار منظم جرائم کا مقابلہ کرنے کے سلسلے میں اقوام متحدہ کے کنونشن پر دستخط کئے ہیں اور انسانوں کی اسمگلنگ کی لعنت کا مقابلہ کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر قانون سازی اور اقدامات انجام دیئے ہیں-
انھوں نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے سلسلے میں ایران کے اقدامات کی اقوام متحدہ کے متعلقہ اداروں نے بھی تصدیق کی ہے اور منشیات اور جرائم سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے کی رپورٹوں میں بھی اس کا ذکر کیا گیا ہے-
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے تاکید کے ساتھ کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا خیال ہے کہ انسانی اسمگلنگ خاص طور سے بچوں اور عورتوں کی اسمگلنگ روکنے کے لئے اسمگلنگ، انسانوں سے ناجائز فائدہ اٹھانے خاص طور سے غیرملکی مداخلتوں اور مسلح جھڑپوں کے بنیادی علل و اسبات پر توجہ دینا چاہئے-
امریکہ کی وزارت خارجہ نے ابھی حال ہی میں واشنگٹن کی جانب سے ایران مخالف سلسلہ وار اقدامات کو جاری رکھتے ہوئے تہران پر بڑے پیمانے پر انسانی اسمگلنگ مین ملوّث ہونے کا الزام عائد کیا ہے-
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امن و دوستی کا ماحول پیدا کرنے، مزید امن و استحکام کے لئے زیادہ سے زیادہ کوشش کرنے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ کو علاقے میں اسلامی جمہوریہ ایران کا سب سے اہم مقصد قرار دیا-
بہرام قاسمی نے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف کے علاقے کے حالیہ دورے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے کا مقصد پڑوسیوں کے ساتھ تعلقات کے تناظر میں علاقے کی تازہ ترین صورت حال کا جائزہ لینا تھا-
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ وزیرخارجہ جواد ظریف نے اس دورے میں قطر اور عمان کے حکام کے ساتھ اقتصادی و سیاسی مسائل اور شام، عراق اور یمن سمیت علاقے کے تازہ ترین حالات پر تبادلہ خیال کیا-