ایران کی جانب سے پاکستان میں دھماکے کی مذمت
Oct ۰۶, ۲۰۱۷ ۱۲:۲۶ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران نے پاکستان کے صوبے بلوچستان میں واقع درگاہ فتح پور پر خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس واقعے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہارکیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کےترجمان بہرام قاسمی نے پاکستان کے صوبے بلوچستان کے ضلع جھل مگسی میں واقع درگاہ فتح پور پر ہونے والے خودکش حملے کے افسوسناک سانحے پر پاکستانی قوم اور حکومت کے ساتھ تعزیت کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
ایران کی وزارت خارجہ کےترجمان نے کہا کہ یقینا ایسی بزدلانہ کارروائیوں اور سازشوں کو نا کام بنانے کیلئے پاکستانی قوم اور حکومت ہوشیار رہیں گی۔
واضح رہے کہ کل جمعرات کے روز بلوچستان کے ضلع جھل مگسی میں واقع درگاہ فتح پور شریف میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت 22 افراد جاں بحق اور 35 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔