امریکی اقدامات کا سخت جواب دیا جائےگا، ایرانی حکام کے بیانات
ایٹمی معاہدے کی نگرانی کرنے والی کمیٹی کے رکن ڈاکٹر علی اکبر ولایتی، پارلیمنٹ میں خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کمیشن کے سربراہ علاء الدین بروجردی اور حکومت کے ترجمان نوبخت نے خبردار کیا ہے کہ ایران امریکی اقدامات کا سخت جواب دے گا۔
ایٹمی معاہدے کی نگرانی کرنے والی ایرانی کمیٹی کے رکن ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران ایٹمی معاہدے کے بارے میں صدر ٹرمپ کے حالیہ موقف کے ردعمل میں کہا کہ ایران کے سامنے متعدد آپشن موجود ہیں اور مقابل فریق کو یہ جان لینا چاہئے کہ وہ جو بھی کرے گا ایران اس کا جواب دےگا۔
ڈاکٹر ولایتی نے کہا کہ امریکا کا اختیار اور اقتدار ایک ایسے شخص کے سپرد کردینے سے جو سوچے سمجھے بغیر فیصلہ کرتاہے اور جس کی باتیں غیر منطقی ہوتی ہیں، خود امریکیوں کو نقصان ہوگا۔
ڈاکٹر ولایتی نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی پر امریکا کے ذریعے پابندی عائد کئے جانے کے ممکنہ اقدام کے بارے میں کہا کہ امریکیوں میں اتنی توانائی نہیں ہے کہ وہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے خلاف کوئی اقدام کریں۔
ان کا کہنا تھاکہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی علاقے میں امریکا کی توسیع پسندیوں کا مقابلہ کرنے کے میدان میں پوری ایرانی قوم کی نمائندہ ہے اور اس میں شک نہیں کہ اگرسپاہ پاسداران کی فوجی مشاورت نہ ہوتی تو آج شام اور عراق پر داعش کے دہشت گرد مسلط ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی پوری قوم ملک کی ارضی سالمیت، اسلامی جمہوری نظام اور اسلامی اور ایرانی تشخص کے تحفظ کے لئے متحد ہے اور سپاہ پاسداران اس جذبہ استقامت وپائیداری کی علامت ہے۔
ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ نے بھی سپاہ پاسداران کے خلاف دہشت گردی کے ہر قسم کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سپاہ ماضی کی طرح علاقے میں امریکا کی ہر طرح کی دہشت گردانہ سازشوں اور مہم جوئی کا جواب دے گی۔ علاء الدین بروجردی نے منگل کو پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے اجلاس میں سپاہ پاسداران کو امریکا کے ذریعے دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں شامل کرنے کے امریکا کے ممکنہ اقدام کے بارے میں کہا کہ سپاہ پاسداران کے خلاف دہشت گردی کا کوئی بھی الزام ایران کی قومی سلامتی پر دست درازی کرنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی پارلیمنٹ نے علاقے میں امریکا کے دہشت گردانہ اقدامات اور مہم پسندیوں کا مقابلہ کرنے کا قانون پاس کرکے ثابت کردیا ہے کہ جب بھی علاقے کی سلامتی اور قومی مفادات کو خطرہ ہوگا پارلیمنٹ ہر طرح کے خطرات کا مقابلہ کرنے میں ملک کے سبھی سیکورٹی اور فوجی اداروں خاص طور پر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بھرپور حمایت کرے گی۔
ایران کی حکومت کے ترجمان محمد باقر نوبخت نے بھی منگل کو ایک پریس کانفرنس میں ایٹمی معاہدے کے بارے میں امریکی اقدامات کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکومت ایک غنڈہ، بے منطق اور بدمزاج حکومت ہے اور خود ٹرمپ کی جماعت کے بھی بہت سے سیاستدانوں نے ان کے اقدامات پر تنقید کی ہے۔
ایران کی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ ایران جب بھی چاہےگا ایٹمی معاہدے سے پہلے والی پوزیشن پر لوٹ جائےگا۔ایران کی حکومت کے ترجمان نے بھی ایران کے میزائلی پرگرام پر مذاکرات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دفاعی امور پر کسی سے بھی کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ سپاہ پاسداران ایرانی عوام کی مدافع اور دہشت گردوں کی دشمن ہے کہاکہ اگر امریکا نے سپاہ پاسداران کو دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں شامل کرنے کی کوشش کی تو واشنگٹن خود کو ہی دہشت گردوں کی صف میں کھڑا کرلے گا۔