ٹرمپ کے بیہودہ بیانات ایرانی عوام کے عزم و ارادے کو متزلزل نہیں کر سکتے
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمدجواد ظریف نے کل رات جنوبی افریقہ میں مقیم ایرانیوں کے ایک اجتماع میں کہا کہ ٹرمپ کے من گھڑت اور بیہودہ بیانات ایرانی عوام کے عزم و ارادے اور استقامت کو متزلزل نہیں کر سکتے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمدجواد ظریف نے ایرانی قوم کو اسلامی انقلاب اورایران کی پیشرفت وترقی اورامنیت کا محور قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے 40 سال میں ایرانی قوم کی حمایت کی وجہ سے جارحیت،پابندیوں اور مختلف قسم کے دباو کا مقابلہ کیا۔
ایران کے وزیر خارجہ نے یمن پر سعودی عرب اور اس کے اتحادی ممالک کی جاری جارحیت کی جانب اشارہ کرتے ہو ئے کہا کہ سعودی عرب پیٹرو ڈالر سے امریکی ہتھیار خرید رہا ہے اور ان ہتھیاروں کو یمن کے مظلوم عوام پر بڑی بے دردی سے استعمال کررہا ہے۔
درایں اثناایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے پیر کے روز پریٹوریا میں ایران اور جنوبی افریقہ کے 13ویں مشترکہ کمیشن کے اجلاس کے اختتام پر امریکی وزیرخارجہ کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ ہم امریکہ کے برعکس کہ جو اختلافات اور تنازعات میں اپنا فائدہ ڈھونڈتا ہے، علاقائی ممالک کے ساتھ تعاون اور شراکت داری میں ہی فائدہ دیکھتے ہیں.
اس موقع پرانہوں نے کہا کہ ہم عراق کے اپنے مغربی ہمسایوں کے ساتھ تعلقات کو ہرگز ایران کے خلاف نہیں سمجھتے بلکہ یہ ہمارے مفاد میں ہے.
انہوں نے ٹیلرسن کے اس بیان پر کہ عراق میں داعش کے خلاف لڑنے والوں کو اب واپس جانا چاہئے، کہا کہ وہ اپنے گھر میں رہیں گے اور وہ کسی کے حکم کے انتظار میں تھے اور نہ رہیں گے.
انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہےکہ عراقی عوام نے اپنے ملک اور گھروں کے دفاع کے لئے دوسروں کی نہیں بلکہ صرف علمائے دین کے احکامات کی تعمیل کی.