ایران اور ویتنام کو امریکی عزائم کے خلاف مقابلے کا تجربہ
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ کمیٹی کے چیئرمین علاع الدین بروجردی نے دورہ ویتنام کے موقع پر ویتنام کی قومی اسمبلی کی سلامتی اور دفاع کمیٹی کے چیئرمین میجر جنرل واچانگ وات کے ساتھ ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی اسٹریٹیجک پالیسی سے دنیا میں قیام امن بالخصوص مشرق وسطی کے خطے کی سلامتی کے لئے مدد ملے گی.
اس موقع پرانہوں نے کہا کہ ایران اور ویتنام مختلف علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کے بارے میں مشترکہ مؤقف رکھتے ہیں بالخصوص دونوں ممالک کا امریکی عزائم کے خلاف مقابلے کا تجربہ بھی ہے لہذا ان مشترکات کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے کے لئے مدد ملے گی.
ایران کی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ کمیٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ایرانی قوم نے امریکی سازشوں کے خلاف مزاحمت کرکے آج مختلف شعبوں بالخصوص دفاعی، سیاسی، سائنسی اور ٹیکنالوجی کے حوالے سے نمایاں ترقی کی ہے. انہوں نے کہا کہ ایران کی دفاعی صلاحیت خطے میں طاقت کے توازن اور سلامتی کے قیام کے لئے ہے.
اس ملاقات میں ویتنام کی قومی اسمبلی کی سلامتی اور دفاع کمیٹی کے چیئرمین میجر جنرل واچانگ وات نے ایشیا میں قیام امن و سلامتی کے لئے ایران اور ویتنام کے درمیان قریبی تعاون کو اہم قراردیا۔
در ایں اثنا ویتنام کی قومی اسمبلی کے ڈپٹی چیئرمین یونگ چولو کے ساتھ ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئےعلا الدین بروجردی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف امریکی صدر کی پالیسی نے دنیا میں امریکہ کو مزید تنہائی کا شکار کیا ہے. انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی لعنت کے خلاف مقابلہ کرنا اسلامی جمہوریہ ایران کی پالیسی کا اہم جز ہے. بروجردی نے کہا کہ ایران کی دفاعی اور میزائل قابلیت کا اصل مقصد ملک کا دفاع اور ممکنہ خطرات سے نمٹنا ہے.
ایران اور ویتنام کے درمیان دیرینہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ کے لئے پارلیمانی تبادلوں کو ناگزیر قرار دیا.
اس ملاقات میں ویتنام کی پارلیمنٹ کے ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ ان کا ملک اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے.
واضح رہے کہ علاءالدین بروجردی اور ان کے ہمراہ ایرانی پارلیمانی وفد ویتنام کے فرینڈشپ گروپ کی دعوت پراس ملک کے چار روزہ دورے پرہیں.