ٹرمپ کی بیہودہ گوئی ایرانی عوام کی استقامت کو ذرہ برابر بھی کمزور نہیں کر سکتی
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیہودہ گوئی اور ہرزہ سرائی ایرانی عوام کی استقامت کو ذرہ برابر بھی کمزور نہیں کر سکتی۔
ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے جنوبی افریقہ میں مقیم ایرانیوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کی بیہودہ گوئی اور ہرزہ سرائی ایرانی عوام کے جذبہ استقامت و دفاع اور ان کی سربلندی کی راہ میں ذرہ برابر بھی رکاوٹ نہیں ڈال سکتی-
وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے جو جنوبی افریقہ کے دورے پر تھے ایرانیوں کے اجتماع سے خطاب کے دوران ایرانی عوام کو ایران کی ترقی و پیشرفت اور امن واستحکام کا پشتپناہ قرار دیا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے گذشتہ چالیس برسوں کے دوران اپنے عوام کی حمایت و پشتپناہی کی بدولت ہر طرح کے دباؤ، جارحیت اور پابندیوں کا پوری کامیابی اور سربلندی کے ساتھ مقابلہ کیا ہے-
ان کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنی طاقت و توانائی اور اقتصادی و سائنسی ترقی و پیشرفت کی بدولت آج کسی بھی ملک کے احسان تلے دبا ہوا نہیں ہے-
وزیرخارجہ نے کہا جتنی اعلی سطح کی سیکورٹی آج ایران میں پائی جاتی ہے اتنی علاقے کے کسی ملک میں نہیں ہے- ایرانی وزیرخارجہ نے یمن میں سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی جرائم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت پٹرو ڈالر سے امریکی ہتھیار خریدتی ہے اور ان ہتھیاروں کو یمن کے نہتے اور بے گناہ شہریوں کے خلاف استعمال کر کے ان کا قتل عام کرتی ہے-
وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے پیر اور منگل کی درمیانی رات پریٹوریا میں جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے مسائل اور اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر بات چیت ہوئی-
ایرانی وزیرخارجہ ایران اور جنوبی افریقہ کے اقتصادی تعاون کے مشترکہ کمیشن کے تیرہویں اجلاس میں شرکت کے لئے اتوار کی شام پریٹوریا پہنچے تھے- انہوں نے اقتصادی تعاون کے مشترکہ کمیشن کے اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ترقی پذیر ملکوں کے ساتھ ایران کے تعاون اور معاملات کی اہم خصوصیت دوطرفہ احترام کی بنیاد پر معاملہ اور تعاون کرنا ہے-
ان کا کہنا تھا کہ مشترکہ کمیشن کے اجلاس کو منظم طریقے سے منعقد کرانے میں دونوں ملکوں کی سنجیدگی سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ ایران اور جنوبی افریقہ، نجی اور سرکاری سیکٹرز میں مختلف میدانوں میں تعاون کر سکتے ہیں اور اس کے لئے دونوں ملکوں میں بے پناہ صلاحتیں اورمواقع پائے جاتے ہیں-