خطے میں امریکی شکست پر تاکید
بین الاقوامی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر ڈاکٹر ولایتی نے عراق اور شام میں امریکیوں کی شکست کا سلسلہ جاری رہنے پر زور دیا ہے ۔
ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے بدھ کوتہران میں شام کے نائب وزیر خارجہ فیصل مقداد سے ملاقات میں کہا کہ صیہونی علاقے میں اپنے سازشی منصوبوں کی جانب سے مایوس ہوچکے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ امریکیوں کو عراق اور شام دونوں ملکوں میں حتمی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ڈاکٹر ولایتی نے کہا کہ امریکیوں کی شکست کا یہ سلسلہ جاری رہے گا ۔انھوں نے شام کے قانونی صدر بشار اسد کی شجاعت، دلیری، اورتدبیر کو قابل تحسین قرار دیا ۔شام کے نائب وزیر خارجہ فیصل مقداد نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ پوری دنیا، امریکی صدر کی غلط پالیسیوں کے مقابلے میں کھڑی ہوچکی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ایران پر دباؤ ڈالنے اور غاصب صیہونی حکومت کی حمایت میں ٹرمپ کی پالیسیوں کی، دنیا مخالف ہے ۔شام کے نائب وزیر خارجہ فیصل مقداد اپنے ایرانی ہم منصب حسین جابری انصاری کی دعوت پر بدھ کی صبح تہران پہنچے ہیں ۔