Oct ۱۴, ۲۰۲۵ ۱۲:۳۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان: کانگریس نے امریکی صدر کے دعووں پر مودی کی خاموشی کو ایک بار پھر ہدف تنقید بنایا، کہا

ہندوستان کی حزب اختلاف کی سب سے بڑی پارٹی کانگریس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دعووں پر وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ "ہمارے وزیر اعظم ٹیرف کے بارے میں سننا نہیں چاہتے، ہمارے وزیر اعظم صرف تعریف سننا چاہتے ہیں اس لئے وزیر اعظم اس پر خاموش ہیں۔"

سحرنیوز/ہندوستان: یو این آئی کی رپورٹ کے مطابق  کانگریس کے سینیئر لیڈر جے رام رمیش نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ٹیرف کے استعمال کے بار بار دعووں پر وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی کو ایک بار پھر ہدف تنقید بنایا ہے۔  

جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ یہ 51 ویں بار ہے جب صدر ٹرمپ نے اس طرح کے دعوے کئے ہیں، ٹرمپ نے 3 ممالک، امریکہ، سعودی عرب اور قطر میں 11 دن میں 8 بار کہا ہے کہ یہ جنگ بندی میری وجہ سے ہوئی ہے اور میں نے ٹیرف کا استعمال کیا ہے اور دونوں ممالک سے کہا ہے کہ اگر آپ جنگ بندی کر لیتے ہیں تو بین الاقوامی تجارت بڑھے گی۔

انھوں نے کہا کہ ہمارے وزیر اعظم ٹیرف کے بارے میں سننا نہیں چاہتے، ہمارے وزیر اعظم صرف تعریف سننا چاہتے ہیں اس لئے وزیر اعظم اس پر خاموش ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے متعدد بین الاقوامی تنازعات کو حل کرنے کے لئے ٹیرف کا استعمال کیا جس میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی بھی شامل ہے۔ ٹرمپ نے کہا تھا کہ "میں نے کچھ جنگیں صرف ٹیرف کی بنیاد پر طے کیں۔ مثال کے طور پر، ہندوستان اور پاکستان کے درمیان، میں نے کہا، اگر آپ لوگ جنگ لڑنا چاہتے ہیں اور آپ کے پاس جوہری ہتھیار ہیں، تو میں آپ دونوں پر بڑے ٹیرف لگانے جا رہا ہوں، جیسے 100 فیصد، 150 فیصد، اور 200 فیصد۔"

ٹیگس