Oct ۳۰, ۲۰۱۷ ۱۴:۱۲ Asia/Tehran
  • سعودی وزیر خارجہ کا  دعوی بے بنیاد اور مضحکہ خیز ہے، بہرام قاسمی

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے سعودی وزیرخارجہ کے اس بیان کو بے بنیاد اور مضحکہ خیز قرار دیا ہے کہ ایران یمن میں امن کی راہ میں رکاوٹ بنا ہوا ہے۔

سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے اتوار کے روز ریاض میں یمن پر سعودی جارحیت کے حامی ملکوں کے اجلاس میں ایکبار پھر ایران کے خلاف بے بنیاد دعوے کا اعادہ کیا اور کہا کہ ایران، یمن میں جنگجوؤں کی حمایت کر کے بحران کے پرامن حل کی راہ میں رکاوٹ پیدا کر رہا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ تہران نے یمن پر سعودی جارحیت کے آغاز پر ہی اس جارحیت کی مذمت کی اور اسے فوری طور پر بند کئے جانے کا مطالبہ کیا تھا کہا کہ ریاض اجلاس میں جھوٹے دعوؤں کے اعادے سے ان لوگوں سے انسانی و بین الاقوامی ذمہ داری کم نہیں ہو جائے گی جنھوں نے وحشیانہ جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ ایران یمن میں فوجی راہ حل کو مسترد کرتا رہا ہے اور وہ اس ملک میں خونریزی بند کرانے کے لئے اپنی کسی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا۔
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ یمنی مشکلات کا حل جنگ کے خاتمے، انسان دوستانہ امداد کی ترسیل اور تمام یمنی گروہوں میں جامع مذاکرات میں مضمر ہے، ریاض اجلاس کے شرکا کو صلاح دی کہ وہ ماضی کی اپنی غلطیوں کو جاری نہ رکھیں اور یمنی عوام سے معافی مانگتے ہوئے جنگ کو روکنے اور یمن کے جامع مذاکرات کے آغاز کی راہ ہموار کریں۔
قابل ذکر ہے کہ یمن پر مارچ دو ہزار پندرہ سے سعودی اتحاد کی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک دسیوں ہزار یمنی شہری شہید و زخمی نیز لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں جبکہ اس ملک میں سعودی اتحاد نے بنیادی تنصیبات کو تباہ کر کے اس غریب عرب ملک کو دسیوں سال پیچھے پہنچا دیا ہے۔
دوسری جانب ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ نیو یارک میں ہونے والے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایرانی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کی دعوت کو صدر مملکت حسن روحانی نے مسترد کر دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ نیویارک میں ہونے والے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے بہتر ویں اجلاس کے موقع پر امریکی ڈونلڈ ٹرمپ ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی سے ملاقات کرنے کے خواہاں تھے لیکن ایران کے صدر نے ملاقات کی اس دعوت کو قبول کرنے سے انکار کردیا۔

 

ٹیگس