Dec ۰۳, ۲۰۲۰ ۲۲:۴۸ Asia/Tehran
  • سعودی عرب کے پروردہ دنیا میں نفرت اور دہشت گردی کے مأخذ ہیں: ایران

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور کے دعوے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغربی ایشیا کے خطے کے تمام دہشت گرد گروہ، سعودی عرب کی مالی حمایت سے چلنے والے مدارس کے تربیت یافتہ ہیں۔

یاد رہے کہ سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے ایک ٹویٹ کر کے دعوی کیا ہے کہ ایران کا رویہ اس بات کا سبب بنا ہے کہ سعودی عرب کے بہت سے عوام مارے جائيں۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے اس کے جواب میں جمعرات کو ایک ٹویٹ کر کے کہا ہے کہ سامراجی طاقتوں کی پروردہ  ( تکفیری)  وہابیت  کئي عشروں سے مغربی ایشیا کے علاقے میں اور اس سے باہر بھی تعصب، نفرت اور دہشت گردی کا واحد مأخذ بنی ہوئي ہے۔

انھوں نے کہا ہے کہ سعودیوں کی جانب سے ابہام پیدا کرنے کی تمام تر کوششیں بھی اس حقیقت کو نہیں چھپا سکتیں اور یمن میں سعودی عرب کے جرائم، خاشقجی قتل کا بدنام زمانہ کیس اور اسی طرح کے بہت سے دیگر معاملے ان کے کارناموں میں شامل ہیں۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ آل سعود کا تازہ کارنامہ، فلسطینیوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی کی اصل حامی یعنی صیہونی حکومت کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشیدگي پیدا کرنے کی پالیسی اب جاری نہیں رکھی جا سکتی اور آل سعود کو یہ رویہ بدلنا ہی ہوگا۔

ٹیگس