Nov ۰۷, ۲۰۱۷ ۱۹:۵۰ Asia/Tehran
  • پاکستان کی سلامتی کو اپنی سلامتی سمجھتے ہیں، ایرانی وزیر دفاع

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیردفاع نے کہا ہے کہ ایران پاکستان کی سیکورٹی کو اپنی سیکورٹی سمجھتا ہے۔

ایران کے وزیردفاع بریگیڈیر جنرل امیر حاتمی نے تہران میں پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں کہا کہ علاقے کے ملکوں کے اقتدار اعلی، قومی وفاق اور ارضی سالمیت کا احترام ایران کی خارجہ پالیسی کا بنیادی اصول ہے اور اسی بنیاد پر اسلامی جمہوریہ ایران پاکستان کی سیکورٹی کو اپنی سیکورٹی سمجھتا ہے۔
ایران کے وزیردفاع نے اس ملاقات میں علاقائی اور عالمی حالات کا ذکر کرتے ہوئے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے دورہ تہران کو دوطرفہ تعلقات میں توسیع اور امن و استحکام کو مزید تقویت پہنچانے والا دورہ قراردیا۔
انہوں نے علاقے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی عالمی سامراج کی سازش کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ علاقے اور علاقے سے باہر کے بعض ممالک نے بدامنی پیدا کرنے والے اقدامات کو ترک نہیں کیا ہے اور وہ امریکا اور صیہونی حکومت کی سازشوں کے جال میں پھنسے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور اس کے اتحادی افغانستان اور عراق پر حملے اور عراق و شام میں داعش کو پروان چڑھانے اور یمن میں جنگ کی آگ بھڑکانے کے بعد اب علاقے کے ملکوں کے حصے بخرے کرنے اور بدامنی کو ہوا دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ ایران کے وزیر دفاع نے امریکا اور صیہونی حکومت کی گھسی پٹی سازشوں کا ذکر کرتے ہوئے امریکا اور صیہونی حکومت کو علاقے میں دہشت گردی کا سب سے بڑا حامی قراردیا اور کہا کہ انتہا پسندی امریکی پالیسیوں کی ہی دین ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ امریکی حکمرانوں کے ذریعے اسلامی سرزمینوں پرقبضہ اورمسلم ملکوں کے قدرتی ذخائر پر تسلط جمانے کا محض ایک بہانہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ایران پر امریکا جو دباؤ ڈال رہا ہے اس کی واحد وجہ یہ ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، امریکا اور صیہونی حکومت کے ظالمانہ منصوبوں کے مقابلے میں ڈٹا ہواہے۔
ایرانی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ایران علاقے کی سلامتی اور دیگر ملکوں کی ارضی سالمیت کے تحفط کے لئے اپنی پوری توانائی بروئے کار لائےگا۔ پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے بھی اس ملاقات میں اسلامی ملکوں کی صلاحیتوں اور توانائیوں کا ذکر کرتے ہوئے علاقے کے مسائل اور مشکلات کے حل میں باہمی تعاون اور مذاکرات کی ضرورت پر زوردیا۔

ٹیگس