علاقے میں امن کی برقراری ایرانی بحریہ کی ذمہ داری
اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے کمانڈر نے کہا ہے کہ علاقے اور بین الاقوامی سمندری حدود میں امن و امان کی برقراری ایرانی بحریہ کی اہم ترین ذمہ داری اور اس کا ایک بڑا مقصد ہے۔
ایران کی بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل حسین خانزادی نے ایران کے سرکاری ٹی وی چینل کے پروگرام میں کہا کہ علاقے اور بین الاقوامی سمندری حدود میں امن و امان کی برقراری کے لئے ایرانی بحریہ دو اہم مقاصد کے حصول کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے لئے ایرانی بحریہ زیادہ سے زیادہ صلاحیتوں کی حامل بن رہی ہے اور ایران کے جنوب مشرقی ساحل مکران کی ترقی و پیشرفت پر کام کر رہی ہے-
ایرانی بحریہ کے کمانڈر نے کہا کہ ایران کی درآمدات اور برآمدات کا ایک بڑا حصہ، بحری راستوں سے انجام پاتا ہے اسی لئے ایرانی بحریہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ سمندری علاقوں میں مال بردار بحری جہازوں کی آزادانہ آمد و رفت کو آسان اور یقینی بنائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ ایرانی بحریہ کی یہ بھی ذمہ داری ہے کہ وہ غیر ملکی بحری جہازوں کے لئے بھی ان سمندری راستوں میں سیکورٹی برقرار رکھے-
ایرانی بحریہ کے کمانڈر نے طرح طرح کے بحری جہازوں اور کشتیوں کی تیاری اور پروڈکشن میں ایرانی بحریہ کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت بھی انواع و اقسام کی کشتیاں اور بحری جہاز بنائے جا رہے ہیں جس کا مقصد ملکی سطح پر اس شعبے میں اپنے پیروں پر کھڑا ہونا، ایران کے سمندری علاقوں میں دفاعی توانائیوں کا حامل ہونا اور علاقے میں امن و امان کو برقرار رکھنا ہے-
انہوں نے کہا کہ ہم قوم کو یہ خوشخبری دے رہے ہیں کہ آئندہ ہفتے ہم میزائل فائر کرنے والے ایک بحری جہاز کو، کہ جسے ایرانی ماہرین نے ہی تیار کیا ہے، بحریہ کے حوالے کریں گے- ان کا کہنا تھا کہ یہ جنگی بحری جہاز پہلے بنائے گئے جہازوں سے کہیں زیادہ ترقی یافتہ اور جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس ہے-