Dec ۰۸, ۲۰۱۷ ۱۴:۰۴ Asia/Tehran
  • امریکہ نے اپنی عالمی ساکھ خراب کر لی ہے، ایرانی وزیر خارجہ

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے حکومت امریکہ نے عالمی قوانین کی خلاف ورزیاں کرکے اپنی ساکھ خراب کر لی ہے۔

رشیا ٹوڈے کو دیئے گئے اپنے ایک انٹرویو میں وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ایٹمی معاہدے کے حوالے سے امریکہ کے رویئے پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت امریکہ نے اس عالمی معاہدے کی خلاف ورزی کرکے دنیا کے سامنے اپنا ناقابل اعتماد چہرہ پیش کیا ہے۔انہوں نے ایک بار پھر یہ بات زور دے کر کہی کہ جامع ایٹمی معاہدے سے امریکہ کے نکلنے کی صورت میں ایران کے پاس بھی لامحدود آپش موجود ہیں جو یقینا امریکہ کے لیے خوش آئند نہیں ہوں گے۔وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ حکومت امریکہ نے اب تک ایران کے ساتھ تعاون کے مسلمہ عالمی طریقوں سے استفادہ نہیں کیا ہے اس کے بر خلاف امریکی صدر نے ایران کے خلاف دشمنی اور مخاصمت کی پالیسی جاری رکھی ہے۔ایران کے وزیر خارجہ نے خطے کی سلامتی کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اب وقت آن پہنچا ہے کہ سعودی عرب دہشت گرد گروہوں کو جنم دینے اور ڈکٹیٹر پیدا کرنے کے بجائے خطے کے عوام کی فلاح و بہبود اور آرام و آسائش کی کوشش کرے۔ڈاکٹر جواد ظریف نے، مشرق وسطی میں آمریتوں اور دہشت گرد گروہوں کے مستقبل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے پچھلے چالیس برس کے دوران صدام، طالبان، اور داعش سمیت جتنے بھی سانپ پالے ہیں سب نے خود اسی کو ڈسا ہے۔ایران کے وزیر خارجہ نے یمن پر سعودی جارحیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یمن کے بحران کو صرف اور صرف سیاسی طریقے سے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔

ٹیگس