دو ایٹمی بجلی گھروں کی تعمیر کا معاہدہ آخری مراحل، ڈاکٹر لاریجانی
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ دو ایٹمی بجلی گھر بنانے کا معاہدہ آخری مراحل میں ہے۔
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے روس کی اسپوٹنیک نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس کے تعاون سے دو نئے ایٹمی بجلی گھر بنائے جانے کا معاہدہ آخری مراحل میں ہے اور سرمایہ کاری سمیت دیگر معاملات پر ایران و روس کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ بھی جاری ہے-
انہوں نے کہا کہ روسی حکومت کے ساتھ ایران کے اسٹریٹیجیک تعلقات ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دونوں ملکوں نے مل کر اقدامات انجام دیئے ہیں جن کے اثرات کا مشاہدہ کیا جا سکتا ہے-
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے داعش کے خلاف جنگ میں ایران اور روس کے کامیاب تعاون کے بارے میں کہا کہ روس نے ایک طاقتور ملک کی حیثیت سے شام کے اندر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کیا ہے اور اس میدان میں ایران اور روس کا تعاون مثبت رہا ہے-
انہوں نے ایران کی میزائلی صلاحیتوں میں اضافے کے بارے میں کہا کہ ایران اپنے دفاع اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لئے اپنی دفاعی توانائیوں میں اضافہ کرتا رہے گا-