ایران کی جانب سے چرچ پر حملے کی مذمت
اسلامی جمہوریہ ایران نے پاکستان کے شہرکوئٹہ کے ایک چرچ پر ہوئے دہشتگردی کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ داعش گروہ خطے اور دنیا میں بدامنی اور عدم استحکام کا خواہاں ہے
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کےترجمان بہرام قاسمی نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں گرجاگھر پر خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انھوں نے کوئٹہ چرچ کے سانحے پر پاکستانی قوم اور حکومت کو تعزیت پیش کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا.
ایران کی وزارت خارجہ کےترجمان نے مزید کہا کہ دہشت گردی، انتہا پسندی اور کسی بھی مقصد کے لئے معصوم لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنا، غیر اسلامی اور غیر انسانی اقدام ہے. انہوں نے کہا کہ صہیونی حمایت یافتہ داعش کے تکفیری دہشتگرد دنیا میں افراتفری اور بدامنی کا سلسلہ جاری رکھنے کے خواہاں ہیں اس کے علاوہ یہ عناصر اپنی حالیہ شکست کے بعد خطے کے دیگر علاقوں میں نہتے انسانوں کو خون میں نہلانے کے لئے شیطانی منصوبہ بندی پر چل رہے ہیں.
بہرام قاسمی کا کہنا تھا کہ داعش کے دہشتگرد وں کوجن کو بعض علاقائی اور غیرعلاقائی کی حمایت حاصل ہے، خطے کی بہادر اقوام کی مزاحمت کے ذریعے عبرتناک شکست ملی ہے تا ہم اس غیرانسانی گروہ سے وابستہ بچ جانے والے بعض عناصر بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے اقوام کے اتحاد اور عزم کو متزلزل کرنا چاہتے ہیں.
واضح رہے کہ کل پاکستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں واقع گرجا گھر پرخودکش دھماکے کے کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اور 51 زخمی ہوئے. اس ہولناک دہشتگردی کی ذمہ داری بدنام زمانہ دہشت گرد گروہ داعش نے قبول کرلی.