کینیڈا میں ایرانی شہری کے قتل کی مذمت
حکومت ایران نے کینیڈا میں پولیس کے ہاتھوں ایرانی شہری کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کینیڈا میں پولیس کے ہاتھوں ایک ایرانی نوجوان شہری کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس افسوسناک واقعے پر کینیڈین حکومت سے جواب طلب کیا گیا ہے۔
بہرام قاسمی کے مطابق، کینیڈا کے رہائشی نوجوان ایرانی شہری بابک سعیدی کو جو بیمار بھی تھے، کینیڈین پولیس نے گولی مار کر قتل کردیا جس کی ہم بھرپورمذمت کرتے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اس واقعے کی تفصیلات کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس وقت ہم کینیڈین حکومت کے جواب کا بھی انتظار کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں مقیم ایرانی شہریوں کو قونصلر رسائی کے حوالے سے شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ گزشتہ دو سالوں سے ایرانیوں کے لئے قونصلر خدمات کی فراہمی کے لئے اقدامات اٹھائے جاچکے ہیں مگر کسی مثبت نتائج پر نہیں پہنچ سکے۔