امریکہ کو ایرانی قوم سے ہمدردی کا اظہار کرنے کا حق نہیں، صدر ڈاکٹر روحانی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جو چند ماہ قبل تک ایرانی قوم کو دہشت گرد قرار دے رہے تھے، ایرانی عوام سے اظہار ہمدردی کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حالیہ دنوں میں ایران کے بعض شہروں میں ہونے والے مظاہروں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی عوام، آئین اور قانون کی رو سے اپنی بات کہنے اور تنقید کرنے حتی احتجاج کرنے میں آزاد ہیں۔صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ قوم، قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاجی مظاہرے اور تنقید کر سکتی ہے۔حتی حکام کو چاہئیے کہ عوام کو پرامن مظاہرے کرنے کے لئے سہولیات فراہم کریں لیکن اس کے ساتھ ساتھ ایسے حالات نہ بنائے جائیں کہ جن سے اسلامی انقلاب کے چاہنے والوں اور عوام کی زندگی اور امن و سلامتی کو تشویش لاحق ہو۔صدر مملکت نے دشمنوں کی ایران مخالف سازشوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام ہمیشہ ملک، خطے اور دنیا کے حساس حالات سے اچھی طرح واقف ہیں اور اپنے قومی مفادات پر فیصلہ کرتے ہیں۔انہوں نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ حالیہ دنوں میں بعض عرب ممالک کہ جنھوں نے کبھی ایرانی عوام سے ساتھ خوشگوار تعلقات نہیں رکھے اب خوشی کا اظہار کر رہے ہیں، کہا کہ ایران میں قومی سلامتی، بھائی چارہ، یکجہتی اور امن و امان علاقے کے لئے اہم ترین سرمایہ ہے۔ایران کی پارلیمنٹ کے قومی سلامتی و خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ علا الدین بروجردی نے بھی کہا ہے کہ امریکہ ایران میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی کوشش ہی یہی ہے کہ دنیائے اسلام میں جیسے بھی ہو بحران و بدامنی جاری رکھی جائے تاکہ وہ اپنے مقاصد حاصل کر سکیں۔واضح رہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران ایران کے بعض شہروں میں مہنگائی، اشیاء اور مصنوعات کی قیمتوں پر حکومت کی کمزور نگرانی پر ا حتجاج کی غرض پر مظاہرے ہوئے تاہم کچھ شرپسند عناصر نے اس سے فائدہ اٹھا کر حالات کو خراب کرنے کی ناکام کوشش کی۔امریکی حکام اور مغربی ذرائع ابلاغ نے عوامی احتجاج سے غلط فائدہ اٹھاتے ہوئے احتجاج کو کشیدگی میں بدلنے کی کوشش کی۔