ایرانی عوام کی کامیابیوں سے دشمن سیخ پا ہیں، صدر ڈاکٹر روحانی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ مختلف سیاسی اقتصادی اور علاقائی میدانوں میں ایرانی عوام کی ترقی و کامیابیوں سے دشمن سیخ پا ہیں- دوسری جانب اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ شورش اور گڑبڑ پھیلانے والے عناصر کے لئے امریکی صدر ٹرمپ اور مغربی ذرائع ابلاغ کی حمایت سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ وہ ایران میں ایک نیا فتنہ کھڑا کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے پارلیمنٹ کے خصوصی کمیشنوں کے سربراہوں کے اجلاس سے خطاب کے دوران پچھلے چند روز کے دوران ملک کے بعض علاقوں میں احتجاجی مظاہروں اور اجتماعات کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ عوام کی جانب سے اعتراض اور تنقید ایک موقع ہے نہ کہ خطرہ-
انہوں نے کہا کہ ایران کے عوام قانون اپنے ہاتھ لینے والوں اور گڑ بڑ پھیلانے والوں کو خود جواب دیں گے-
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ عالمی سطح پر ایرانی عوام کی سیاسی کامیابی منجملہ ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد، علاقے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فتح اور ایران کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کے تعلق سے امریکا کی شکست، ایرانی عوام سے امریکا اور علاقے کے بعض غاصب ملکوں کی دشمنی کی بڑی وجہ ہے-
انہوں نے ایٹمی معاہدے کے سلسلے میں امریکا کی شکست کا ذکر کیا اور کہا کہ ایک دو ملکوں اور ایک غاصب اور نفرت زدہ حکومت کو چھوڑ کر ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی کرنے کے سلسلے میں کسی نے بھی امریکا کا ساتھ نہیں دیا اور پوری دنیا امریکا کے مقابلے میں کھڑی ہو گئی-
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایران اس وقت علاقے میں امن و استحکام کی برقراری، دہشت گردی کی بیخ کنی، شام کے مستقبل کو بہتر بنانے، عراق اور لبنان میں مزید استحکام پیدا کرنے اور دنیا کے مظلوموں کے دفاع میں مثبت کردار ادا کر رہا ہے-
انہوں نے ایران کی کامیابیوں کو دشمنوں کی آنکھ کا کانٹا اور امریکا اور صیہونی حکومت کے لئے ناقابل تحمل بتایا- ان کا کہنا تھا کہ ایران کے دشمن ہمیشہ ایرانی عوام سے انتقام لینے کی فکر میں رہتے ہیں-
صدر مملکت ڈاکٹر روحانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اقتصادی میدان میں کچھ مشکلات ہیں اور ان سے انکار نہیں کیا جا سکتا، کہا کہ ایران کے عوام پوری ثابت قدمی کے ساتھ ان مشکلات کو عبور کر لیں گے اور موقع پرستوں اور گڑبڑ پھیلانے والوں کو، کہ جنھوں نے مقدسات اور انقلابی اقدار کی اہانت کی ہے اور پبلک مقامات نیز لوگوں کی املاک کو نقصان پہنچایا ہے، مناسب جواب دیں گے-
اس درمیان اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے ترجمان جنرل مسعود جزائری نے کہا ہے کہ اسلامی انقلاب کے خلاف امریکی حکام اور بین الاقوامی صیہونیزم نے شیطانی اور گھٹیا منصوبے ایک ایسے وقت میں تیار کئے ہیں جب امریکا کو گذشتہ برس اپنے یہاں عوام کے دسیوں مسائل میں طرح طرح کے احتجاج اور مظاہروں کا سامنا تھا اور امریکی انتظامیہ کی پالیسیوں کو دیکھتے ہوئے ایسا لگتا ہے کہ دو ہزار اٹھارہ میں امریکا میں عوامی احتجاج اور مظاہرے گذشتہ سال کی بہ نسبت کہیں زیادہ ہوں گے-
واضح رہے کہ گذشتہ چند روز کے دوران ایران کے بعض شہروں میں مہنگائی اور دیگر اقتصادی مسائل کے بارے میں عوامی مظاہروں کو امریکا اور مغربی ذرائع ابلاغ نے بدامنی میں تبدیل کرنے کی کوشش کی تھی-