رہبر انقلاب اسلامی کی تیل بردار جہاز کے حادثے پر تعزیت
رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے سمندر میں ایرانی تیل بردار جہاز کے عملے کے جاں بحق ہونے پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کل اپنے ایک پیغام میں ایران کے تیل بردار جہاز میں آگ لگنے کے دردناک اور دلخراش واقعہ میں جاں بحق ہونے والے کارکنوں کے اہلخانہ کو تعزیت اور تسلیت پیش کی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت پیش کی اور فرمایا، تیل بردار جہاز کے کارکنوں نے ملک اور قوم کی خدمت انجام دیتے ہوئے اپنی جان، خالق جہاں کے سپرد کی ۔ اللہ تعالی جاں بحق ہونے والے کارکنوں پر اپنی رحمت اور مغفرت نازل فرمائے اور ان کے پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
واضح رہے کہ 6 جنوری کو چین کے مشرقی سمندر میں ایک کارگو بحری چینی جہاز، ایرانی تیل بردار بحری جہاز سے ٹکرا گیا جس کے بعد تیل بردار جہاز سانچی میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں عملے کے 32 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں 30 ایرانی اور 2 بنگلادیشی شامل ہیں۔