Jan ۱۶, ۲۰۱۸ ۱۳:۵۳ Asia/Tehran
  • عالم اسلام کو تمام اسلامی ملکوں کے تعاون کی ضرورت ہے، اسپیکر لاریجانی

تہران میں اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں کے پارلیمانی اسپیکروں کا تیرہواں اجلاس منگل کو صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی اور مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی کی موجودگی میں شروع ہو گیا۔

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے منگل کو تہران میں اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں کے پارلیمانی اسپیکروں کے تیرہویں اجلاس کی افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ عالم اسلام کو تمام اسلامی ملکوں کے تعاون کی ضرورت ہے۔انھوں نے افتتاحی تقریب میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ گذشتہ سال اسلامی ملکوں کو بڑے بڑے چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا، کہا کہ بیت المقدس کے سلسلے میں امریکی فتنہ انگیزی کے بعد فلسطین کمیٹی نے تہران میں ہنگامی اجلاس تشکیل دیا جس سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں کی پارلیمانوں میں اس سلسلے میں سنجیدگی پائی جاتی ہے۔مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے امید ظاہر کی کہ دہشت گردی کے بارے میں کہ جس سے مختلف ملکوں کی سلامتی کے لئے خطرات پیدا ہو رہے ہیں اور مسئلہ فلسطین کے تعلق سے جو سب کا مشترکہ مسئلہ ہے، اس کانفرنس کے اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔ڈاکٹر علی لاریجانی نے اسی طرح اقتصادی ترقی کے بارے میں اسلامی ملکوں میں مزید یکجہتی پیدا کئے جانے سے متعلق فیصلہ  کئے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے  کہا کہ اس سلسلے میں کچھ کوششیں شروع کی گئی ہیں اور اس کانفرنس میں ان کوششوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں کی پارلیمانوں میں اسلامی انسانی حقوق کے بارے میں کافی گفتگو ہوئی ہے، کہا کہ اسلامی ممالک، اسلامی انسانی حقوق کے مسئلے میں مستحکم بنیاد کے حامل ہیں۔قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں کے پارلیمانی اسپیکروں کے تیرہویں اجلاس میں اکتالیس اسلامی ملکوں کے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور پارلیمانی وفود شریک  ہیں۔ یہ کانفرنس بدھ کے روز ایک بیان جاری کئے جانے کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچے گی۔تہران میں اسلامی ملکوں کے پارلیمانی سربراہوں کے اجلاس سے قبل ہفتہ، اتوار اور پیر کو اسلامی تعاون تنظیم کی مستقل کمیٹیوں، ماہرین اور جنرل کمیٹی کے بھی اجلاس اور نشستیں منعقد ہوئیں۔

ٹیگس