کویت میں ایران کے وزیر خارجہ کی ملاقاتیں
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کویت میں کئی ملکوں کے عہدیداروں سے الگ الگ ملاقات کی ہے۔
عراق کی تعمیرنو سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس کویت کے امیر شیخ صباح الاحمد الصباح کی تقریر سے شروع ہوئی۔
اس کانفرنس میں ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف شریک ہوئے ہیں جنھوں نے کویت میں کئی ملکوں کے عہدیداروں سے الگ الگ ملاقات کی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کویت میں یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی اور کویت کے وزیر خارجہ سے علیحدہ علیحدہ ملاقات اور گفتگو کی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی سے ملاقات اور گفتگو کی اور مختلف موضوعات منجملہ جوہری معاہدے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
اس سے قبل محمد جواد ظریف نے کویت کے وزیر خارجہ سے بھی ملاقات اور گفتگو کی۔ محمد جواد ظریف نے کویتی وزیرخارجہ صباح خالد احمد صباح سے ہونے والی ملاقات میں کہا کہ ایران، عراق کی تعمیر نو کے لئے کویت کی کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے جبکہ ایران بھی عراق کے جنگ زدہ علاقوں کی تعمیر میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
اس ملاقات میں کویتی وزیرخارجہ نے اسلامی جمہوریہ ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے تمام ممالک مل کر دہشت گردی کا مکمل طور پر خاتمہ کر سکتے ہیں اور آپس کے اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔
یاد رہے کہ عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے گزشتہ ماہ داعش کو مکمل شکست دینے کا اعلان کیا تھا تاہم اس شورش کے باعث عراق کے کئی علاقے بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور ایک اندازے کے مطابق عراق کی تعمیر نو کے لئے تقریبا 88 سے 100 بلین ڈالرز امداد کی ضرورت ہے۔
کویت کانفرنس میں ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے ساتھ ساتھ عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی، سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر، متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زائد آل نہیان، عراق کے وزیر خارجہ ابراہیم الجعفری اور مختلف دیگر ملکوں اور تنظیموں کے اعلی حکام و نمائندے شریک ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ کویت میں عراق کے جنگ زدہ علاقوں کی تعمیر نو کے لئے بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے۔ کویت کانفرنس بارہ فروری کو شروع ہوئی تھی۔