Feb ۱۶, ۲۰۱۸ ۱۰:۵۶ Asia/Tehran
  • اسلامی مزاحمتی تحریک داعش کے لئے بڑی رکاوٹ

اسلامی جمہوریہ ایران کے سابق وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اگر مزاحمتی تحریک نہ ہوتی تو آج مسلم ریاستوں میں داعش کا راج ہوتا۔

اسلامی بیداری کی بین الاقوامی کانفرس کے سیکریٹری جنرل علی اکبر ولایتی نے جمعرات کے روز حزب اللہ کے مجاہد شہید عماد مغنیہ کی شہادت کی دسویں برسی کے حوالے سے منعقدہ ایک سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر اسلامی مزاحمتی تحریک کی قربانیاں نہ ہوتیں تو آج بغداد اور دمشق سے لے کر بیروت تک داعش جیسے دہشت گرد حکمرانی کر رہے ہوتے۔

علی اکبر ولایتی نے اس موقع پر ان میڈیا رپورٹس کو جن میں دعوی کیا گیا ہے کہ ایران کوعراق، لبنان، فلسطین اور افغانستان کے بجائے اپنے مسائل پر توجہ دینی چاہئے من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی باتوں کے حمایتی صرف ایران دشمن عناصر ہیں تاہم یہ عناصر اقلیت میں ہیں جن کی بیہودہ باتوں کو میڈیا بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے۔

علی اکبر ولایتی نے مزید کہا کہ مسلمانوں کے صبر کا پیمانہ بہت بلند ہے تاہم ہمیں امید ہے کہ غاصب اور جابر اسرائیل جیسا ناسور جلد ہی جڑ سے اکھڑ جائے گا۔

ٹیگس